National

‘نریندر مودی اور بی جے پی کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا ہے‘، ہماچل پردیش میں پرینکا گاندھی کا خطاب

161views

لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے لیے سبھی پارٹیوں نے اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔ کانگریس کے سرکردہ لیڈران بھی مختلف ریاستوں میں انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج ہماچل پردیش کے دورہ پر ہیں اور چمبا میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہماچل پردیش میں لوک سبھا کے ساتھ ہی 6 (اسمبلی سیٹوں کے لیے) ضمنی انتخابات بھی ہو رہے ہیں جن پر آپ کی ریاستی حکومت کا مستقبل منحصر ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’نریندر مودی نے ہماچل پردیش کی حکومت گرانے کی کوشش کی۔ نریندر مودی اور بی جے پی کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا ہے، پھر چاہے اس کے لیے ہماچل کے لوگوں کو گمراہ کرنا پڑے یا ان سے جھوٹ ہی کیوں نہ بولنا پڑے۔‘‘

پرینکا گاندھی نے اپنی تقریر کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی یہاں ایک سیاح کی طرح آتے ہیں۔ وہ اپنا کیمرہ نکال کر تصویریں کھینچتے ہیں اور ان کی تصویر کوئی اور کھینچتا ہے۔ مودی جی ہماچل کو اپنا دوسرا گھر بتاتے ہیں لیکن آفات کے وقت اپنا منہ تک نہیں کھولتے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ آفت کے وقت کانگریس کے ہر چھوٹے بڑے لیڈر نے آگے بڑھ کر لوگوں کی مدد کی کیونکہ یہی لیڈروں کا فرض ہوتا ہے۔ لیکن نریندر مودی اور ان کے لیڈر آپ کو دیکھنے تک نہیں آئے۔ مودی حکومت نے اپنا کوئی فرض نہیں نبھایا۔ پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ یہاں ملنے والی امداد کی رقم بھی روک دی گئی۔ انہوں نے آپ کو مسترد کر دیا کیونکہ آپ نے کانگریس کی حکومت کو منتخب کیا تھا۔ یہ بی جے پی کا طریقہ کار ہے۔

جلسۂ عام سے خطاب کے بعد کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے میڈیا کے نمائندوں سے بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش کی عوام نے 2022 میں ایک ایماندار حکومت کو منتخب کیا تھا۔ یہ حکومت تمام تر مشکلات کے باوجود آفت کے وقت عوام کے لیے کام کرتی رہی۔ وہیں مودی حکومت نے آفت کے وقت ہماچل پردیش کو کوئی مالی مدد نہیں کی، بلکہ جو مدد ملنی تھی اسے بھی روک دیا۔

دریں اثنا ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے بھی ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے اس موقع پر بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماچل میں جب بی جے پی عوامی ووٹوں کے ذریعے اقتدار حاصل نہیں کر سکی تو اس نے پیسوں کے طاقت کے ذریعے ایم ایل ایز کو خرید لیا۔ آج وہی ایم ایل ایز بی جے پی کے امیدوار بنے ہوئے ہیں۔ اس لیے آج وقت بی جے پی کو سبق سکھانے کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس پیسوں کی طاقت نہیں ہے لیکن عوامی طاقت ہے اور اس انتخاب میں عوامی طاقت جیتے گی، پیسوں کی طاقت ہارے گی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.