International

گردابی طوفان ’ریمل‘ نے بنگلہ دیش میں مچائی تباہی، ساحلی اضلاع میں 7 افراد کی موت، 2 شخص لاپتہ

123views

خلیج بنگال سے اٹھے گردابی طوفان ’ریمل‘ نے بنگلہ دیش میں زبردست تباہی مچا رکھی ہے۔ اب تک ملی جانکاری کے مطابق گردابی طوفان کی تباہی کے سبب ملک میں 7 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس گردابی طوفان کے بعد دو شخص لاپتہ بھی بتائے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔

نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق بنگلہ دیش موسمیاتی سائنس محکمہ (بی ایم ڈی) میں گردابی طوفان الرٹ سنٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شمیم احسن نے بتایا کہ اتوار کی شب 8 بجے ساحل پر آئے طوفان کے بعد جنوبی بنگلہ دیش اور ہندوستان کے مغربی بنگال کی ساحلوں پر تیز ہوائیں چلیں اور شدید طوفان آیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ جنوب و جنوب مشرقی پانچ ساحلی اضلاع سے اموات کی خبر ملی ہے۔ گردابی طوفان نے تقریباً ایک درجن ساحلی اضلاع میں فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ سب سے حساس 10 اضلاع سے 8 لاکھ لوگوں کو پہلے ہی محفوظ مقامات تک پہنچایا جا چکا ہے۔ کاکس بازار، چٹوگرام، پٹواخالی اور دیگر ساحلی اضلاع میں سیلاب کا وسیع اثر ہے۔

بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے سبب بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے اور تار ٹوٹ کر گر پڑے۔ اس سے بجلی فراہمی ٹھپ ہو گئی۔ گردابی طوفان کے سبب ڈیڑھ کروڑ لوگ بجلی سے محروم رہے۔ بنگلہ دیش کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریاستی وزیر برائے راحت محمد محب الرحمن نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے مناسب ترکیب کی گئی ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.