National

’اس قتل کے ذمہ دار مودی ہیں‘

22views

راہل گاندھی کو گُلّک دینے والے بچوں کے والدین کی موت پر کانگریس کا سخت رد عمل

	نئی دہلی، 13 دسمبر:۔ (ایجنسی)راہل گاندھی کی قیادت میں جب کانگریس نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ نکالی تھی، تو اس دوران کی کئی تصویریں لوگوں کے ذہن میں اب بھی تازہ ہیں۔ کچھ ایسی ہی تصویروں میں سے ایک وہ تصویر تھی جب کچھ بچے راہل گاندھی کو اپنی ’گُلّک‘ یعنی منی بینک تحفہ میں پیش کرتے ہیں۔ ان بچوں کا تعلق مدھیہ پردیش سے تھا اور افسوسناک طور پر ان کے والدین کی اب موت واقع ہو چکی ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں اسے خودکشی کا واقعہ بتایا جا رہا ہے، لیکن کانگریس نے اسے نریندر مودی کی نفرت انگیز سیاست کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل ہے، اور اس کے لیے ذمہ دار نریندر مودی ہیں۔
کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں راہل گاندھی کی گُلّک کے ساتھ تصویر ہے اور وہ بچے بھی ہیں جنھوں نے یہ تحفہ دیا تھا۔ اس پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بھارت جوڑو یاترا کے وقت مدھیہ پردیش میں بچوں نے راہل گاندھی جی کو اپنی گُلّک تحفہ میں پیش کی تھی۔ اب خبر ہے کہ گُلّک دینے کے بعد سے ہی بچوں کے والدین کو انتظامیہ پریشان کر رہا تھا۔ کچھ دنوں پہلے ای ڈی نے ان کے یہاں چھاپہ ماری کی تھی۔‘‘
کانگریس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے بعد سے ہی متاثرہ کنبہ بہت پریشان تھا۔ سوشل میڈیا پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’اس کارروائی سے بچے کے والدین بے حد ڈپریشن میں تھے اور پریشان تھے۔ اب ان کی خودکشی کی خبر آ رہی ہے۔ یہ صاف طور سے نفرت کی سیاست کا نتیجہ ہے۔‘‘ اس میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’نریندر مودی ہر سطح تک جا کر گندی سیاست کے دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں۔ یہ خودکشی نہیں قتل ہے، جس کے ذمہ دار نریندر مودی ہیں۔‘‘
دراصل جس جوڑے کی خودکشی کا تذکرہ کانگریس نے کیا ہے، اس کا تعلق مدھیہ پردیش کے سیہور سے ہے۔ کاروباری منوج پرمار اور ان کی بیوی نیما پرمار کی لاش جمعہ کی صبح گھر میں پھندے پر لٹکی ملی ہے۔ ان کے ہی بچوں نے اپنی گُلّک راہل گاندھی کو تحفے میں دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ 5 دسمبر کو ای ڈی نے ان کے گھر اور دفتر پر چھاپہ ماری کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی پرمار فیملی بہت پریشان تھی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ خودکشی کے مقام سے سوسائیڈ نوٹ برآمد ہوا ہے، حالانکہ یہ سامنے نہیں آیا ہے کہ اس میں کیا کچھ لکھا ہوا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ دگ وجئے سنگھ نے بھی اس واقعہ کے تعلق سے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر اپنا افسوس ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ای ڈی کے ذریعہ پرمار کو پریشان کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.