National

ونکیا نائیڈو سمیت کئی ہستیوں کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پدم ایوارڈ سے نوازا

142views

پیر کے روز راشٹرپتی بھون میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سابق نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو سمیت دیگر معزز شخصیات کو پدم ایوارڈس سے نوازا۔ صدر مرمو نے ونکیا نائیڈو کے علاوہ سلبھ انٹرنیشنل کے بانی بندیشور پاٹھک کو بعد از مرگ پدم وبھوشن ایوارڈ دیا۔ اداکار متھن چکرورتی، سابق گورنر رام نائک، گلوکارہ اوشا اتھوپ اور صنعت کار سیتارام جندل کو پدم بھوشن سے نوازا گیا۔ تقریباً نصف ایوارڈ یافتگان کو پیر کے روز اعزاز سے نوازا گیا اور بقیہ ایوارڈ یافتگان کو آئندہ ہفتہ نوازے جانے کا امکان ہے۔

اس تقریب میں نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر سمیت کئی دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ قابل ذکر ہے کہ ملک کے اعلیٰ شہری اعزازات میں سے ایک پدم ایوارڈ تین زمرے میں دیے جاتے ہیں۔ ان میں پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری شامل ہیں۔ ایوارڈ مختلف موضوعات یا شعبوں میں دیے جاتے ہیں۔ ان میں آرٹس، سماجی امور، عوامی امور، سائنس و انجینئرنگ، کاروبار و صنعت، طب، ادب و تعلیم، کھیل، سماجی خدمت وغیرہ شامل ہیں۔

پدم وبھوشن غیر معمولی اور خصوصی خدمات کے لیے، پدم بھوشن اعلیٰ سطحی خصوصی خدمات اور پدم شری کسی بھی شعبہ میں خصوصی خدمات کے لیے دیا جاتا ہے۔ ان ایوارڈس کا اعلان ہر سال یومِ جمہوریہ سے قبل کی شام کیا جاتا ہے۔ 2024 کے لیے صدر جمہوریہ نے 132 پدم ایوارڈس کا اعلان کیا تھا جن میں 2 مشترکہ معاملے (جب دو ایوارڈ کو ایک شمار کیا جاتا ہے) شامل ہیں۔ 32 پدم ایوارڈس میں 5 پدم وبھوشن، 17 پدم بھوشن اور 110 پدم شری ایوارڈس شامل ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.