دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں جیل میں بند عآپ لیڈر منیش سسودیا کو عدالت سے کوئی راحت نہیں ملی۔ دہلی ہائی کورٹ نے ان کی درخواست ضمانت پر سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے ای ڈی و سی بی آئی کو جواب داخل کرنے کے لیے 4 دن کا وقت دیا ہے۔ آئندہ سماعت اب 13 مئی کو ہوگی۔
دوران سماعت مرکزی ایجنسیوں نے عدالت سے جواب داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت طلب کیا تھا لیکن عدالت نے چار دن کا ہی وقت دیا۔ منیش سسودیا کے وکیل وویک جین نے ای ڈی کے ذریعے جواب داخل کرنے کے لیے وقت طلب کیے جانے کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ سسودیا عدالتی حراست میں ہیں اور ای ڈی نے سپریم کورٹ کو یقین دلایا ہے کہ کیس 6 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ اگرانہیں مزید وقت دیا گیا تو تاخیر ہوگی۔
اس سے قبل منیش سسودیا کو منگل (7مئی) کو دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا تھا۔ عدالت نے سسودیا کی عدالتی تحویل میں 15 مئی تک توسیع کر دی تھی۔ سی بی آئی اور ای ڈی مشترکہ طور پر دہلی آبکاری پالیسی گھوٹالہ کی تحقیقات کر رہی ہیں ۔ اسی معاملے میں گزشتہ سال فروری میں تفتیشی ایجنسی نے منیش سسودیا کو گرفتار کیا تھا۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کا الزام ہے کہ دہلی کی شراب پالیسی کی تیاری اور اس پر عمل درآمد میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ حال ہی میں ای ڈی نے اس معاملے میں اروند کیجریوال کو گرفتار کیا ہے۔