National

مرکز میں بی جے پی کی نہیں، انڈیا الائنس کی حکومت بنے گی: ملکارجن کھڑگے

141views

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے آج ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت نہیں بنے گی بلکہ انڈیا الائنس مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔ اڈیشہ کے بھونیشور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی وبی جے ڈی پر براہ راست حملہ کیا اور ان دنوں کو ملک و ریاست کے لیے نقصاندہ بتایا۔

کانگریس کے قومی صدر نے کہا کہ نوین پٹنائک گزشتہ 24 سالوں سے اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ ہیں، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ دس سالوں سے ان کی حمایت کر رہے ہیں۔ ان دونوں نے درپردہ متحد ہوکر ایک دوسرے کی حکومتوں کو مدد کرنے کی جو کوشش کی اس کا فائدہ عوام کو نہیں ہوا۔ ہم نے سوچا کہ وہ اڈیشہ کی بہتری کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں لیکن ہماری سوچ غلط تھی۔ اب بی جے پی اور بی جے ڈی میں جس طرح عوامی لڑائی چل رہی ہے، وہ اڈیشہ کے لیے قطعاً مناسب نہیں ہے۔

ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اڈیشہ میں بہت سارے قدرتی وسائل ہیں جو بڑی بڑی فیکٹریوں میں استعمال ہوتے ہیں۔ یہاں کے وسائل سے باہر کی فیکٹریوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں لیکن یہاں کے لوگوں کو کچھ نہیں ملتا۔ اگر اس صورتحال کو بدلنا ہے تو ریاستی اور مرکزی دونوں حکومتوں کو بدلنا ہوگا۔ کانگریس کے قومی صدر نے کہا کہ اڈیشہ حکومت چٹ فنڈ اور کان کنی گھوٹالوں کی وجہ سے ایک بدعنوان حکومت کے طور پر جانی جاتی ہے۔ اس لیے اس بار بی جے ڈی کو موقع نہیں ملے گا۔ اڈیشہ میں مہنگائی اور شدید بے روزگاری ہے۔ آئی ایل او کی رپورٹ کے مطابق اڈیشہ میں 41 فیصد بے روزگاری ہے لیکن اڈیشہ حکومت نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ اڈیشہ کو برباد کرنے میں بی جے پی اور بی جے ڈی کا برابر کا حصہ ہے۔ اڈیشہ میں کانگریس پارٹی مضبوط پوزیشن میں ہے اور کانگریس ریاست کے لوگوں کو انصاف دلائے گی۔

ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لئے پانچ انصاف اور 25 گارنٹیاں پیش کی ہیں۔ کانگریس نے نوجوانوں کے انصاف، خواتین کے انصاف، کسانوں کے انصاف، مزدوروں کے انصاف اور حصہ داری کی گارنٹیاں دی ہیں۔ کانگریس ذات پر مبنی مردم شماری بھی ضرور کرائے گی۔ کانگریس نے فوڈ سیکورٹی ایکٹ بنایا، تعلیم کا حق دیا اور دیہی روزگار کے لیے منریگا شروع کیا۔ کانگریس نے ان کی گارنٹی نہیں دی لیکن یہ سب کیا۔ جب مرکز میں انڈیا الائنس حکومت برسراقتدار آئے گی تو غریبوں کو دس کلو مفت راشن دیا جائے گا اور تمام گارنٹیاں پوری کی جائیں گی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.