ممبئی: شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ بھلے ہی بی جے پی نے ان کے ارکان اسمبلی کو اپنے خیمہ میں شامل کر کے ان کی پارٹی توڑ دی لیکن ان کی پارٹی ختم نہیں ہوئی ہے۔ وسطی مہاراشٹر کے لاتور ضلع کے اوسا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ادھو نے کہا کہ شیو سینا (یو بی ٹی) بی جے پی کو دفن کر دے گی۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا، ’’بی جے پی نے ہمارے ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کو چھین کر شیو سینا کو توڑ دیا، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ شیو سینا ختم ہو گئی، شیو سینا بی جے پی کو دفن کر کے آگے بڑھے گی۔‘‘ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی لیڈروں میں جموں و کشمیر، منی پور اور اروناچل پردیش جیسے علاقوں کا دورہ کرنے کی ہمت نہیں ہے۔
مزید تفصیلات دئے بغیر انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے والد اور شیو سینا کے بانی آنجہانی بال ٹھاکرے نے نریندر مودی کو اس وقت بچایا تھا جب بی جے پی لیڈر اٹل بہاری واجپائی مودی کو سائیڈ لائن کرنے والے تھے۔ اُدھو صاحب ٹھاکرے نے کہا، بی جے پی کی آمریت کے خلاف اب مہاراشٹر میں غم و غصہ ہے۔ اس آمریت کا ہمارے ملک میں کوئی مقام نہیں ہے۔
پی ایم مودی کی تصویر کا استعمال کرکے جیتنے کے بی جے پی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ جب کوئی مودی کا نام نہیں جانتا تھا تب بھی وہ دھاراشیو جیت رہے تھے۔ بی جے پی نے الیکٹورل بانڈز سے ہزاروں کروڑ روپے اکٹھے کئے۔ اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ہمیں تفصیلات جمع کرنے میں وقت لگے گا۔ بی جے پی کو الیکٹورل بانڈز سے 6 سے 7 ہزار کروڑ ملے لیکن کانگریس کو صرف 700 کروڑ ملے۔ پھر بتاؤ ملک کو کس نے لوٹا؟ کانگریس نے 60 سالوں میں 7800 کروڑ روپے اکٹھے کیے، آپ نے پانچ سالوں میں 7000 کروڑ روپے اکٹھے کر دئے۔