National

لوک سبھا انتخاب 2024: ہفتہ کے روز پرینکا گاندھی کیرالہ میں چلائیں گی انتخابی مہم، ترووننت پورم میں روڈ شو کا منصوبہ

124views

آج لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر پہلے مرحلہ کی ووٹنگ اختتام پذیر ہو گئی۔ اس کے باوجود سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، کیونکہ مزید چھ مراحل کی پولنگ باقی ہے۔ کانگریس کے سرکردہ لیڈران کے ساتھ ساتھ جنرل سکریٹری اور پارٹی کی اسٹار پرچارک پرینکا گاندھی بھی اپنے امیدواروں کی حمایت میں لگاتار ریلیاں اور روڈ شو کر رہی ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ہفتہ کے روز وہ کیرالہ میں رہیں گی جہاں راجدھانی ترووننت پورم میں روڈ شو کریں گی۔ یہاں وہ تین انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کی صبح خصوصی طیارہ سے پرینکا گاندھی کوچی پہنچیں گی۔ کوچی سے وہ تریشور کے لیے پرواز بھر کر چلاکوڈی لوک سبھا حلقہ پہنچیں گی جہاں اپنی پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کریں گی۔ بعد ازاں ہیلی کاپٹر سے وہ پتھنم تھٹا پہنچ کر تین بار کے لوک سبھا رکن اینٹو انٹنی کے لیے جلسۂ عام سے خطاب کریں گی۔ یہاں اینٹو انٹنی کا مقابلہ انل انٹنی اور ریاست کے دو بار وزیر مالیات رہے سی پی آئی ایم لیڈر تھامس اسحاق سے ہے۔

پرینکا گاندھی کیرالہ کی راجدھانی تروونت پورم میں پارٹی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کے حق میں ایک روڈ شو بھی کریں گی۔ اس کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گی اور پھر دیر شام دہلی کے لیے واپسی کا ارادہ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کیرالہ میں سبھی 20 لوک سبھا سیٹوں کے لیے آئندہ 26 اپریل یعنی دوسرے مرحلہ میں ووٹنگ ہوگی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.