Jharkhand

لوک سبھا انتخابات 2024: کانگریس کی نئی فہرست جاری، آندھرا کے 9 اور جھارکھنڈ کے 2 امیدواروں کا اعلان

310views

نئی دہلی: انڈین نیشنل کانگریس نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے تعلق سے امیدواروں کی نئی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست کے ذریعے پارٹی نے آندھرا پردیش کی 9 لوک سبھا سیٹوں اور جھارکھنڈ کی 2 لوک سبھا سیٹوں کے لئے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ جھارکھنڈ کی گوڈا سیٹ پر کانگریس نے اپنا امیدوار تبدیل کر دیا ہے اور یہاں سے دیپیکا سنگھ پانڈے کی جگہ پردیپ یادو کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ وہیں، رانچی لوک سبھا سیٹ سے سابق مرکزی وزیر سبودھ کانت سہائے کی بیٹی یشسونی سہائے کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

قبل ازیں، کانگریس کی مرکزی انتخابی کمیٹی (سی ای سی) نے پنجاب اور بہار میں لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کے امیدواروں کے ناموں پر غور و خوض کیا۔ امیدواروں کی اگلی فہرست بہت جلد جاری کی جائے گی۔ سی ای سی کے اجلاس کی صدارت کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کی۔ دریں اثنا، پارتی کی سابق صدر سونیا گاندھی، پارٹی کے سینئر لیڈر سلمان خورشید اور امبیکا سونی سمیت دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔

کانگریس پنجاب میں تمام 13 سیٹوں پر مقابلہ کر رہی ہے، جبکہ بہار میں پارٹی 9 سیٹوں پر امیدوار اتار رہی ہے۔ بہار میں کانگریس راشٹڑیہ جنتا دل (آر جی ڈی) اور لیفٹ پارٹیوں کے ساتھ مہا گٹھ بندھن کا حصہ ہے۔ کانگریس نے 19 اپریل سے شروع ہونے والے سات مراحل پر مشتمل عام انتخابات کے لئے اب تک 295 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔

دریں اثنا، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی دہلی یونٹ کے انچارج دیپک بابریا نے اتوار کو اعلان کیا کہ سابق رکن اسمبلی اور پارٹی کے سینئر لیڈر سبھاش چوپڑا کو دہلی لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کی الیکشن انتظامی کمیتی اور تیل میل میل کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ دہلی کانگریس کے سابق صدر چوپڑا لوک سبھا انتخابات کے دوران تشہیر کاری کی نگرانی کے لئے تشکیل دی گئی 18 رکنی کمیٹی کی قیادت کریں گے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.