National

لوک سبھا انتخاب 2024: تشدد متاثرہ منی پور میں 11 پولنگ مراکز پر 22 اپریل کو دوبارہ ہوگی پولنگ، الیکشن کمیشن کا حکم

203views

گزشتہ کل (19 اپریل) ملک کی 102 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے تھے، جن میں منی پور اندرونی اور منی پور باہری (کچھ حصہ) لوک سبھا سیٹوں کے لیے بھی ووٹنگ ہوئی تھی۔ یہاں ووٹنگ کے دوران کئی مقامات سے تشدد اور ای وی ایم میں توڑ پھوڑ کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ اس طرح کے واقعات کو پیش نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ منی پور کے 11 پولنگ مراکز پر 22 اپریل کو دوبارہ ووٹ ڈالے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جن 11 پولنگ مراکز پر از سر نو ووٹنگ کرانے کا فیصلہ لیا گیا ہے، وہ سبھی منی پور اندرونی لوک سبھا سیٹ کے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ان پولنگ مراکز پر از سر نو ووٹنگ کی ہدایت دی تھی جس کے بعد منی پور کے چیف الیکٹورل افسر نے باضابطہ اس سلسلے میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ پولنگ مرکز کھرئی انتخابی حلقہ میں موئرنگ کمپو ساجیب اور تھونگم لیکائی، چھیتریگاؤ میں 4 اور امپھال مشرقی ضلع کے تھونگجو میں ایک اور اوریپوک میں 3 اور امپھال مغرب ضلع کے کونتھوجم میں ایک پولنگ مرکز ہیں جہاں از سر نو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز منی پور میں پولنگ کے دوران تشدد و ای وی ایم توڑ پھوڑ کی خبر سامنے آنے کے بعد کانگریس نے الیکشن کمیشن سے 47 پولنگ مراکز پر دوبارہ ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ حالانکہ الیکشن کمیشن نے محض 11 پولنگ مراکز پر ایسا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ریاستی کانگریس صدر کیشم میگھ چندر سنگھ نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’ہم نے الیشکن کمیشن آف انڈیا، منی پور کے چیف الیکٹورل افسر اور متعلقہ پریزائڈنگ افسران سے بوتھ پر قبضہ اور دھاندلی کی شکایت کی ہے۔ ہم نے منی پور اندرونی میں 36 اور منی پوری باہری میں 11 پولنگ مراکز پر دوبارہ ووٹنگ کے لیے شکایت کی ہے۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.