National

کرناٹک سیکس اسکینڈل: اب پرجول ریونّا کے والد ایچ ڈی ریونّا کے خلاف ایف آئی آر درج، عصمت دری اور اغوا کا الزام

196views

کرناٹک سیکس اسکینڈل معاملے میں سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو گوڑا کے بیٹے رکن اسمبلی ایچ ڈی ریونّا کے خلاف کرناٹک پولیس نے عصمت دری اور اغوا کی ایف آئی آر درج کی ہے۔ متاثرہ خواتین میں سے ایک کے بیٹے نے پولیس میں اپنی ماں کے اغوا کی شکایت درج کرائی ہے جس کے بعد ایچ ڈی ریونّا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ایچ ڈی ریونّا کے رشتہ دار ستیش بابو کو ایف آئی آر میں دوسرا ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

یہ ایف آئی آر میسور ضلع کی کے آر نگر پولیس نے درج کی ہے۔ ایف آئی آر میں متاثرہ کے بیٹے نے الزام لگایا ہے کہ اس کی ماں اس سیکس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سے غائب ہو گئی ہے جس میں پرجول ریونّا کی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی فوٹیج موجود ہے۔ پولیس کو دیے گئے متاثرہ کے بیٹے کے بیان کے مطابق دوسرا ملزم ستیش بابو اس کے گھر آیا اور اس کی ماں کو یہ کہہ کر موٹر سائیکل پر لے گیا کہ ایچ ڈی ریونّا اس سے ملنا چاہتے ہیں، اس کے بعد سے وہ گھر نہیں لوٹی۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ 29 اپریل کو رات تقریباً 9 بجے ستیش بابو اس کی ماں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے اور گھر والوں کو دھمکی دی کہ اگر انہوں نے اس کی مخالفت کی تو ان کے خلاف پولیس کیس درج کیا جائے گا۔ متاثرہ کے بیٹے نے یہ بھی کہا ہے کہ اس کی والدہ کو نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے۔ اس نے پولیس سے اپنی والدہ کی تلاش میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسی کے ساتھ اس نے ایچ ڈی ریونّا اور ستیش بابو کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اپنی شکایت میں متاثرہ کے بیٹے نے کہا ہے کہ اس کی ماں نے 6 سال تک ریونّا کے گھر اور فارم پر کام کیا اور تین سال قبل اس نے نوکری چھوڑ دی تھی۔ 26 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ سے صرف تین دن پہلے ستیش بابو اس کی ماں کو یہ کہتے ہوئے لے گئے کہ ایچ ڈی ریونّا کی بیوی بھوانی ریونّا اس سے ملنا چاہتی ہیں۔ ووٹنگ کے دن اس کی ماں کو واپس گھر لا کر چھوڑ دیا گیا اور ستیش بابو نے پولیس سے بات نہ کرنے کی وارننگ دی۔ بیٹے نے بتایا کہ ستیش بابو نے دھمکی دی کہ اگر اس نے پولیس سے بات کی تو مقدمہ درج کیا جائے گا اور یہ بھی کہا کہ اگر پولیس اس کے پاس آئے تو وہ پولیس سے بات نہ کرے۔

29 اپریل کو رات 9 بجے ستیش بابو دوبارہ اس کے گھر آئے اور کہا کہ اگر پولیس نے متاثرہ کا سراغ لگا لیا تو وہ مشکل میں پڑ جائے گی، مقدمہ درج ہو جائے گا اور اسے جیل ہو جائے گی۔ شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ نہیں جانتا کہ اس کی ماں کو کہاں رکھا گیا ہے۔ اس نے کہا کہ اگلے دن اس کے دوستوں اور رشتہ داروں نے پرجول ریونّا کے ذریعے اس کی اپنی ماں کے ساتھ عصمت دری کی ویڈیو جاری ہونے کے بارے میں پوچھا۔ اس نے ستیش بابو کو فون کیا اور اپنی ماں کو واپس لانے پر زور دیا۔ بیٹے نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ستیش بابو نے مشورہ دیا کہ اسے کسی دوسرے شخص کے فون سے بات کرنی چاہئے۔ اغوا ہونے والی متاثرہ خاتون بڑی عمر کی ہے۔ پولیس نے ایچ ڈی ریونّا کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.