National

ہماچل پردیش سے الیکشن نہ لڑنے کا دَم بھرنے والی کنگنا کو منڈی سے ملا ٹکٹ تو پرانا ٹوئٹ ہوا وائرل

108views

اپنے بیانات سے سرخیوں میں رہنے والی اور 2014 کے بعد ہندوستان کو حقیقی آزادی ملنے کا دعویٰ کرنے والی فلم اداکارہ کنگنا رانوت کو بی جے پی نے ہماچل پردیش کی منڈی سیٹ سے لوک سبھا کا امیدوار بنایا ہے۔ حالانکہ یہ اعلان ہوتے ہی ان کا ایک پرانا ٹوئٹ تیزی سے وائرل ہونے لگا ہے۔ اس ٹوئٹ میں کنگنا نے کہا تھا کہ وہ ہماچل پردیش سے الیکشن نہیں لڑیں گی۔

کنگنا رانوت کا یہ ٹوئٹ مارچ 2021 کا ہے، جو وائرل ہو گیا ہے اور اسی ٹوئٹ کی بنیاد پر انہیں ٹرول کیا جا رہا ہے۔ کنگنا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’’مجھے 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران گوالیار کا آپشن دیا گیا تھا، ہماچل پردیش کی آبادی بمشکل 60/70 لاکھ ہے، وہاں کوئی غربت/جرم نہیں ہے۔ اگر میں سیاست میں آتی ہوں تو مجھے ایسی ریاست چاہیے جس میں پیچیدگیاں ہوں اور جہاں میں کام کر سکوں اور اس فیلڈ میں ملکہ بن سکوں۔ یہ چھوٹی باتیں ہیں کیونکہ آپ بڑی باتیں نہیں سمجھ پائیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ کنگنا رانوت اب سیاست کے میدان میں بھی آگئی ہیں اور انہیں بی جے پی نے ہماچل پردیش کے منڈی لوک سبھا سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اس کی معلومات خود کنگنا رانوت نے اپنے ایکس ہینڈل پر بھی شیئر کی تھی۔ ان کے الیکشن لڑنے کی خبریں کافی عرصے سے آرہی تھیں مگر وہ اس معاملے میں مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے تھیں، مگر اب خود کنگنا نےاس کی تصدیق کر دی ہے۔ بی جے پی نے کنگنا رانوت کے نام کا اعلان اتوار کو جاری کردہ اپنی پانچویں فہرست میں کیا ہے۔

بہرحال، کنگنا رانوت کو ان کے پرانے ٹوئٹ کے حوالے سے ’ریڈیٹ‘ پر ٹرول کیا جا رہا ہے۔ اداکارہ کی اس ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’’منافقت کی بھی حد ہوتی ہے۔‘‘ اس کے علاوہ بھی اداکارہ کے الیکشن لڑنے پر کئی لوگوں نے تبصرے کیے ہیں اور حیرت کا اظہاربھی کیا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.