National

جیوتیرادتیہ سندھیا کی والدہ مادھوی راجے کا انتقال

128views

بھوپال: مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا کی والدہ اور آنجہانی مادھو راؤ سندھیا کی اہلیہ مادھوی راجے سندھیا کا جمعرات کو ایمس، نئی دہلی میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا۔ سندھیا شاہی خاندان کی نمائندہ مادھوی راجے سندھیا کی عمر 70 برس تھی۔ وہ تقریباً تین ماہ سے زیر علاج تھیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً 9.30 بجے مادھوی راجے سندھیا نے آخری سانس لی۔ وہ تقریباً 3 ماہ سے بیمار تھیں اور ان کا علاج چل رہا تھا۔ ان کی حالت مسلسل بگڑتی رہی اور جمعرات کو ان کا انتقال ہو گیا۔ مادھوی راجے سندھیا کا جسد خاکی آخری رسومات کے لیے گوالیار لایا جائے گا۔

کئی لیڈروں نے مادھوی راجے سندھیا کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ارون یادو نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر لکھا، کانگریس کے سینئر لیڈر آنجہانی مادھو راؤ سندھیا کی اہلیہ اور مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا کی والدہ مادھوی راجے سندھیا کے انتقال کی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ ایشور مرحومہ کو اپنے قدموں میں جگہ دے۔

واضح رہے کہ جیوترادتیہ سندھیا گونا پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں اور یہاں 7 مئی کو تیسرے مرحلے کی ووٹنگ ہوئی ہے۔ ووٹنگ سے پہلے جب مادھوی راجے سندھیا کی طبیعت خراب ہونے کی خبر آئی تو سندھیا کو پورے خاندان کے ساتھ دہلی جانا پڑا۔

Follow us on Google News