Sports

جوش ہیزل ووڈ ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے باہر

50views

ایڈیلیڈ، 30 نومبر (یو این آئی) آسٹریلیائی تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ بائیں جانب کی معمولی چوٹ کی وجہ سے ہندوستان کے خلاف 6 دسمبر سے یہاں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ہیزل ووڈ کی غیر موجودگی میں غیر کیپڈ پیسر شان ایبٹ اور برینڈن ڈوگیٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں اس سال شیفیلڈ شیلڈ میں اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ ٹیم کے پاس پہلے ہی 35 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر اسکاٹ بولینڈ موجود ہیں جو گلابی گیند کے ٹیسٹ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔تیز گیند بازی میں تبدیلی آل راؤنڈر بیو ویبسٹر کی شمولیت کے بعد ہوئی ہے، جنہیں اس ہفتے کے شروع میں مچل مارش کے کور کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ہیزل ووڈ کی انجری آسٹریلوی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ 32 سالہ ہیزل ووڈ پرتھ میں ابتدائی ٹیسٹ میں اپنی شاندار کارکردگی دکھانے والوں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے 34 اوورز میں 57 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، جس میں پہلی اننگز میں چار وکٹیں بھی شامل تھیں، جس میں ہندوستان صرف 150 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا۔یہ پہلا ٹیسٹ ہے جس میں گزشتہ سال ایشز سیریز میں ہیڈنگلے میچ کے بعد ہیزل ووڈ نہیں کھیلیں گے۔ ہندوستان اس وقت پرتھ میں 295 رنز کی شاندار جیت کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے آگے ہے۔ یہ میچ جاری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تناظر میں اہمیت کا حامل ہے، دونوں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل میں قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے مدمقابل ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.