ہوم Jharkhand عالمی یومِ ماحولیات پر دامودر ندی گھاٹ میں بڑے پیمانے پر شجرکاری...

عالمی یومِ ماحولیات پر دامودر ندی گھاٹ میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کا انعقاد

0
5

’ایک پیڑ ماں کے نام‘ پیغام کے ساتھ رام گڑھ میں 50 پودے اور حفاظتی گیبیون نصب

جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ، 05؍ جون: عالمی یومِ ماحولیات کے خاص موقع پر جمعہ کے روز ‘نامامی گنگے ‘ منصوبہ کے تحت تھانہ چوک واقع دامودر ندی گھاٹ، رام گڑھ میں شجرکاری کے ایک بڑے پروگرام کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ، سرسبز علاقے میں اضافہ اور دامودر ندی کے ساحل کی خوبصورتی کے مقصد سے منعقدہ اس پروگرام کی قیادت بنیادی طور پر ضلع کے سینئرافسران نے کی۔شجرکاری پروگرام میں خاص طور پر رام گڑھ کے ڈپٹی کمشنر رتوراج، پولیس سپرنٹنڈنٹ مکیش کمار لنایت، ڈویژنل فارسٹ آفیسر نتیش کمار، کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او وویک سنگھ، سول سرجن ڈاکٹر انیل کمار، انچارج افسر (خفیہ برانچ) رویندر کمار گپتا، ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسر ڈاکٹر پربھات شنکر، ایگزیکٹو انجینئر پینے کا پانی و صفائی ڈویژن سریندر کمار دنکر، ڈی پی او نامامی گنگے چندن کمار موجود رہے۔
ان کے ساتھ ساتھ دیگر ضلعی سطح کے افسران، ‘دامودر بچاؤ تحریک ‘ کے ارکان، سابق فوجی سروس کونسل کے ارکان، عوامی نمائندے، سماجی تنظیموں کے نمائندے، رضاکارانہ ادارے، طلباء اور عام شہری بھی بڑی تعداد میں موجود رہے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رتوراج نے سب کا خیرمقدم کیا اور ضلع کے باشندوں سے ایک اپیل کی۔ انہوں نے کہا، “جیسے ماں ہمارا پالن پوشن کرتی ہے، ویسے ہی فطرت بھی ہماری زندگی سنوارتی ہے۔آئیے، اس یومِ ماحولیات پر ہم سب ‘ایک پیڑ ماں کے نام ‘ ضرور لگائیں۔ صرف پودا لگانا ہی ہمارا فرض نہیں ہے، بلکہ پودوں کے چاروں طرف مضبوط حفاظتی گھیرا (ٹری گارڈ/گیبیون) لگا کر انہیں محفوظ کرنے اور ان کے بڑے ہونے تک دیکھ بھال کی پوری ذمہ داری بھی ہمیں اٹھانی ہوگی۔ درخت لگانا ہمارے آنے والے کل اور مستقبل کی نسل کے لیے زندگی کا وردان ہوگا۔”
ماحولیاتی تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈویژنل فارسٹ آفیسر نے کہا کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور غیر متوازن موسمی چکر ہمیں خبردار کر رہا ہے کہ اب ہمیں فطرت کے تئیں سنجیدہ ہونا ہوگا۔ ماحولیاتی تحفظ صرف حکومت یا کسی ایک محکمہ کی ذمہ داری نہیں ہے، بلکہ یہ ہم سب کا اجتماعی فرض ہے۔جب تک ہر شہری اپنے سطح پر پانی بچانے، پلاسٹک کا استعمال بند کرنے اور ہر سال کم از کم ایک پودا لگا کر اس کی حفاظت کا عہد نہیں کرے گا، تب تک ہم اپنی آنے والی نسل کو ایک صاف ستھرا ماحول نہیں دے پائیں گے۔ علاقے کی صفائی اور پودوں کی دیکھ بھال پر زور دیتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او وویک سنگھ نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ رام گڑھ علاقے کو ہرا بھرا اور صاف ستھرا رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ دامودر ندی گھاٹ پر جو آج شجرکاری کی گئی ہے، اس کی حفاظت اور باقاعدہ دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہماری ترجیح ہوگی۔ صرف پودا لگانا ہی کافی نہیں ہے، اسے مضبوط حفاظتیگھیرا (گیبیون) فراہم کرنا اور درخت بننے تک اس کی حفاظت کرنا ہی اصل خدمت ہے۔ میں کنٹونمنٹ علاقے کے تمام باشندوں اور نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس سرسبز مہم کا حصہ بنیں اور رام گڑھ کو صاف و خوبصورت بنانے میں تعاون دیں۔
اس موقع پر عام لوگوں کو ماحولیات کے تئیں بیدار کرنے کے مقصد سے ایک خصوصی نکڑ ناٹک کا بھی انعقاد کیا گیا۔ فنکاروں نے جاندار اداکاری کے ذریعے درختوں کی اہمیت، پانی کے تحفظ اور پلاسٹک کے خاتمے کا پیغام دیا، جسے موجود لوگوں نے خوب سراہا۔ پروگرام کے تحت فارسٹ ڈویژن، رام گڑھ کی طرف سے فراہم کردہ 50 پودے لگائے گئے۔ ان پودوں کی حفاظت اور انہیں محفوظ رکھنے کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے، سی سی ایل رجرپا علاقہ کی طرف سے انتظام کردہ 50 مضبوط گیبیون گھیرے (ٹری-گارڈ) موقع پر ہی لگائے گئے، تاکہ پودے مکمل طور پر محفوظ رہ سکیں۔وہیں، شجرکاری کے مقام پر صفائی، گڑھوں کی کھدائی اور دیگر تمام ضروری انتظامات کنٹونمنٹ بورڈ اور نگر پریشد رام گڑھ کی طرف سے یقینی بنائے گئے۔ اس کے ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر رام گڑھ ضلع کے تمام دفاتر میں شجرکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ وہیں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تمام ضلع کے باشندوں سے اپنے اپنے علاقے میں پیڑ لگانے اور اس کی حفاظت کو یقینی بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔