جھارکھنڈ کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی کاموں پر تفصیلی تبادلہ خیال
جدید بھارت نیوز سروس
نئی دہلی؍ رانچی ، 24؍ مئی: جھارکھنڈ حکومت کے وزیر صحت، غذائی سپلائی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈاکٹر عرفان انصاری نے نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے سے ملاقات کی اور ان کا آشیرواد (دعا) حاصل کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ حکومت کے کابینہ وزیر اور ملک کے مشہور سابق کرکٹ کپتان محمد اظہر الدین بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران کھڑگے صاحب نے خصوصی طور پر ڈاکٹر عرفان انصاری اور محمد اظہر الدین کو بلا کر دعا دی اور تنظیم اور عوام کے درمیان لگاتار سرگرم رہنے کا پیغام دیا۔ میٹنگ میں جھارکھنڈ کے موجودہ سیاسی اور سماجی منظر نامے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر عرفان انصاری نے محکمہ صحت، محکمہ غذائی سپلائی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ کئے جا رہے کاموں اور کامیابیوں کی تفصیلی رپورٹ قومی صدر کے سامنے پیش کی۔ کھڑگے صاحب نے محکمانہ کاموں کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ اس دوران کھڑگے صاحب نے خصوصی طور پر کہا کہ ریمز-2 (RIMS-2) ایشیا کے سب سے بڑے ہسپتالوں میں شامل ہوگا اور پچھلے ایک سال سے اس میں ڈاکٹر عرفان انصاری کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر انصاری سے مخاطب ہو کر کہا کہ “تمہارے اندر جنون اور لگن ہے، اس جذبے کو کبھی ختم مت ہونے دینا۔ نظام بدلنے میں وقت لگتا ہے، لیکن لگاتار محنت کرتے رہو۔” کھڑگے صاحب نے مزید کہا کہ “جس معاشرے سے تم آتے ہو، وہاں لاکھ اچھا کام کرنے کے باوجود بی جے پی کے لوگ تمہیں برداشت نہیں کریں گے، لیکن عوام ہمیشہ تمہارے ساتھ کھڑی رہے گی۔
” قومی صدر کے ان متاثر کن الفاظ سے ڈاکٹر عرفان انصاری کا حوصلہ اور خود اعتمادی مزید مضبوط ہوئی۔
کھڑگے صاحب نے تنظیم کو زمینی سطح پر اور مضبوط کرنے، عوام کے درمیان مسلسل سرگرم رہنے اور دلت، آدیواسی، پسماندہ اور اقلیتی سماج کے مفاد میں لگن اور ایثار کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی انہوں نے ڈاکٹر عرفان انصاری اور محمد اظہر الدین سے کہا کہ ایسا کام کریں جس سے عوام کے درمیان ان کی الگ پہچان اور مضبوط پکڑ بنے۔ملاقات کے بعد ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ سینئر قیادت کی دعا اور اعتماد کارکنوں اور عوامی نمائندوں کا حوصلہ کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن رات عوام، پارٹی اور اپنے محکموں کی ذمہ داریوں کے تئیں پوری ایمانداری اور لگن کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت، تنظیم کی مضبوطی اور جھارکھنڈ کی ترقی کے عزم کے ساتھ وہ آگے بھی پوری توانائی اور عزم کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4596160