International

اسرائیل کے اندرونی اختلافات جنگ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گے: اسحاق ہرزوگ

238views

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اتوار کی شام کو اسرائیلی قیادت کے درمیان اتفاق وتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اختلافات سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی لیڈرشپ کے درمیان اختلافات موجودہ جنگی کوششوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔ حماس کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔

ہرزوگ نے کہا کہ “ہمارے بیٹے حماس پر فتح حاصل کرنے اور مغوی لوگوں کو واپس کرنے کے لیے دشمن کے پیچیدہ علاقے میں سرنگوں اور گلیوں میں لڑ رہے ہیں اور اپنی قربانیاں دے رہے ہیں۔ وہ اسرائیلی قوم اور اسرائیل کے بہتر مستقبل کے لیے لڑ رہے ہیں۔ آپ کو یہ بتانا ضروری ہے کہ یہ ایک ایسی جنگ ہے جس میں ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہے اور یہ ایک حقیقی جنگ ہے۔ یہ جنگ جاری ہے اورسخت تکلیف دہ ہے۔ حماس کو ختم کرنے کے لیے غزہ میں جنگ ناگزیر ہے۔ میں سب سے مطالبہ کرتا ہوں کہ باہمی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر متحد ہوجائیں کیونکہ اختلافات جنگی کوششوں کو تباہ کرسکتے ہیں‘‘۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اسے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ میں سرنگوں کا ایک نیٹ ورک ملا ہے جسے حماس اپنے ہیڈکوارٹر کے طور پر استعمال کرتی تھی۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے زیر حراست پانچ افراد کی لاشیں ان سرنگوں کے اندر سے برآمد ہوئی ہیں۔

دوسری جانب غزہ کی پٹی میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ وسطی پٹی میں المغازی کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے ہلاکتوں کی تعداد 70 ہو گئی ہے۔

وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری میں درجنوں شہری زخمی ہوئے ہیں۔ المغازی کیمپ میں اسرائیلی فوج نے چار گھروں کو بمباری سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان میں موجود سیکڑوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.