پشاور، 12 مئی (یو این آئی) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک رکشے میں نصب بم کے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکہ ایک رکشے میں ہوا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مقامی پولیس چیف عظمت اللہ نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ٹریفک پولیس کے دو اہلکار اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب بازار میں معمول کے مطابق لوگوں کا رش تھا۔پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک رکشے میں چھپایا گیا تھا جسے بازار کے درمیان میں اڑا دیا گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ متعدد دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں طبی ذرائع نے بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی ہے، جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ضلعی پولیس افسر نذیر خان نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ بظاہر خودکش حملہ معلوم ہوتا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔پولیس حکام نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو نورنگ ہسپتال کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنوں اور خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کا سر کچلنے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔یاد رہے کہ سنیچر کو بنوں کی فتح خیل چیک پوسٹ پر بھی بارودی مواد سے لدے رکشے میں دھماکہ ہوا تھا جس میں 15 پولیس اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہوئے تھے۔
خیبر پختونخوا میں رکشے میں دھماکہ، 9 افراد جاں بحق
مقالات ذات صلة










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4594816