National

دہلی شراب گھوٹالہ میں کیجریوال 28 مارچ کو کریں گے بڑا انکشاف، اہلیہ سنیتا کا اعلان

150views

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف دہلی کی اسمبلی سے لے کر سڑکوں تک پر جاری احتجاج کے دوران اہلیہ سنیتا کیجریوال نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہلی شراب گھوٹالے پر اروند کیجریوال 28 مارچ کو بڑا انکشاف کریں گے۔

وزیر اعلیٰ کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ کو آپ سب کی فکر ہے۔ وہ شراب گھوٹالے پر 28 مارچ کو انکشاف کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اروند جی نے مجھے ایک اور بات بتائی، اس مبینہ شراب گھوٹالے میں دو سال میں کئی جگہوں پر چھاپے مارے گئے لیکن ایک پیسہ بھی نہیں ملا۔ انہوں نے سسودیا جی کی یہاں، سنجے جی کے یہاں چھاپہ مارا، ہمارے یہاں بھی چھاپہ مارا لیکن انہیں ایک پیسہ بھی نہیں ملا ہے۔‘‘

سنیتا کیجریوال کے مطابق ’’وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میرا جسم جیل میں ہے لیکن میری روح آپ لوگوں کے ساتھ ہے۔ آپ لوگ آنکھیں بند کر کے محسوس کریں۔‘‘ واضح رہے کہ جب سے اروند کیجریوال ای ڈی کی حراست میں گئے ہیں، ان کی اہلیہ وہ ہر روز شام کو ان سے مل رہی ہیں۔ گزشتہ کل (منگل) شام کو بھی انہوں نے کیجریوال سے ملاقات کی تھی۔ پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے کیجریوال کے وکلاء کے علاوہ ان کی اہلیہ سنیتا اور کیجریوال کے پرسنل اسسٹنٹ بیبھو کمار کو ہر روز شام 6 سے 7 بجے کے درمیان آدھے گھنٹے تک ان سے ملاقات کی اجازت دی ہے۔

اس سے قبل اروند کیجریوال نے اپنی اہلیہ سنیتا کے ذریعے جیل سے عوام تک اپنا پیغام پہنچایا تھا۔ اس پیغام میں انہوں نے جلد جیل سے باہر آنے کا یقین ظاہر کیا تھا۔ اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے کارکنوں سے بھی کہا تھا کہ وہ دہلی حکومت کی اسکیموں کو جاری رکھیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.