National

کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف عام آدمی پارٹی آج وزیر اعظم کی رہائش پر کرے گی احتجاج، حفاظت کے سخت انتظامات

92views

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) آج وزیر اعلی اروند کیجریوال کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ گرفتاری کے خلاف احتجاج درج کرنے کے لئے وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرے گی۔ ایسے میں دہلی ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ منگل کو تغلق روڈ، صفدر جنگ روڈ اور مصطفیٰ کمال اتاترک مارگ پر کسی بھی گاڑی کو روکنے یا پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خیال رہے کہ دہلی پولیس کے مطابق عام آدمی پارٹی کے کسی بھی احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

عام آدمی پارٹی کی طرف سے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج میں وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کی کال کے بعد پولیس نے 7، لوک کلیان مارگ پر سیکورٹی سخت کر دی ہے۔ ایک عہدیدار نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ 7، لوک کلیان مارگ وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ ہے۔ پولیس نے قومی راجدھانی کے کئی دیگر علاقوں میں بھی سیکورٹی سخت کر دی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق نئی دہلی کے علاقے میں منگل کو خصوصی لا اینڈ آرڈر کی وجہ سے ٹریفک متاثر رہے گی۔ اس میں کہا گیا ہے، ’’نئی دہلی کے علاقے میں ہموار ٹریفک کے انتظام کو یقینی بنانے کے لیے تغلق روڈ، صفدر جنگ روڈ اور مصطفیٰ کمال اتاترک مارگ پر کسی بھی گاڑی کو روکنے یا پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، لوگوں کے عام داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مذکورہ بالا سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کو ہٹا دیا جائے گا اور غلط پارکنگ اور قانونی ہدایات کی نافرمانی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو ٹریفک کو اروبندو چوک، تغلق روڈ، سمراٹ ہوٹل گول چکر، جمخانہ پوسٹ آفس گول چکر، تین مورتی گول چکر، نیتی مارگ گول چکر اور کوٹلیا مارگ گول چکر سے موڑ دیا جائے گا۔ پولیس نے درخواست کی کہ مسافر کمال اتاترک مارگ، صفدر جنگ روڈ، اکبر روڈ اور تین مورتی مارگ پر جانے سے گریز کریں۔

اس سے قبل عام آدمی پارٹی نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک مہم شروع کی اور لوگوں سے ملک میں آئین اور جمہوریت کو بچانے کے لیے اس کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔ دہلی حکومت کی وزیر اور عآپ کی سینئر لیڈر آتشی نے پریس کانفرنس میں ‘ڈی پی (ڈسپلے پکچر)’ کے نام سے ایک سوشل میڈیا مہم شروع کی اور لوگوں سے اس میں حصہ لینے کی اپیل کی۔

یاد رہے کہ ای ڈی نے کیجریوال کو شراب پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گزشتہ ہفتے جمعرات کو گرفتار کیا تھا۔ وہ 28 مارچ تک ایجنسی کی تحویل میں ہے۔ کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف عام آدمی پارٹی کے رہنما احتجاج کر رہے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.