میکسیکو میں اتوار کے روز ایک چرچ کی چھت گرنے سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق نو افراد کے ہلاک ہوئے اور تقریباً 30 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پھنسے ہوئے لوگوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں، جنہیں بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیڈاڈ میڈرو کے سانتا کروز میں چرچ کی چھت گرنے کے بعد زخمی ہونے والے تقریبا ًپچاس افراد کو ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
ساحلی ریاست تامولیپاس کی پولیس نے بتایا کہ حادثے کے وقت تقریباً 100 افراد چرچ میں جمع تھے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ بپتسمہ کی ایک تقریب تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے، جبکہ دس افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ کم از کم 20 افراد اب بھی عمارت کے ملبے تلے لاپتہ ہیں اور چھت گرنے کے وقت بپتسمہ کی تقریب چل رہی تھی۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے تمولیپاس ریاستی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چرچ کی چھت گرنے کے وقت عمارت میں 100 کے قریب لوگ موجود تھے۔
تمولیپاس کے گورنر امریکو ولاریل نے ایکس یعنی ٹوئٹر پر لکھا، ” امدادی منصوبوں کو مربوط کرنے کے لیے، سکیورٹی اور سول پروٹیکشن فورسز پہلے ہی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہیں۔”
بشپ آرمینڈو نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ”ہم ایک بہت مشکل لمحے کا سامنا کر رہے ہیں۔۔۔۔۔۔ یوکرسٹ کے جشن کے دوران ایک چرچ کی چھت گر گئی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ ”اس لمحے میں ان لوگوں کو نکالنے کے لیے ضروری کام کیا جا رہا ہے جو ابھی تک ملبے کی زد میں ہیں۔”
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہرکو پیش آیا۔
سیڈاڈ میڈرو کی آبادی 200,000 کے قریب ہے اور یہ خلیج میکسیکو کے ساحل پر واقع ہے۔