National

ہریانہ: ’وزیر اعلیٰ کا بدلا جانا ہمارے لیے بم دھماکہ کی طرح تھا‘، انل وج کا اپنی ہی پارٹی پر حملہ

120views

ہریانہ کے سابق وزیر داخلہ و صحت انل وِج نے اپنی ہی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہریانہ میں وزیر اعلیٰ بدلا جانا ہمارے لیے بم دھماکہ کی طرح تھا۔ انھیں پہلے سے اس بات کی کوئی جانکاری نہیں تھی کہ ریاست میں وزیر اعلیٰ بدلا جا رہا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کو بھی وِج نے نہیں بخشا اور کہا کہ ان کی آنکھیں کہیں ہوتی ہیں اور نشانہ کہیں ہوتا ہے۔

دراصل چنڈی گڑھ میں ہونے کے باوجود حکومت کی دوسری حلف برداری تقریب تک میں وِج کو مدعو نہیں کیا گیا۔ انبالہ شہر سے بی جے پی رکن اسمبلی اسیم گویل کو کابینہ میں لینے کے ساتھ ہی یہ بھی صاف ہو گیا کہ وِج کا پتّہ حکومت سے پوری طرح کٹ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نئی حکومت میں سابقہ حکومت کے تین بڑے چہرے ندارد ہیں۔ گزشتہ حکومت کے مکھیا رہے منوہر لال، پروٹوکول کے حساب سے نمبر دو رہے نائب وزیر اعلیٰ دُشینت چوٹالہ اور تیسرے نمبر پر مانے جانے والے انل وِج۔

گزشتہ کئی دن سے ہوا میں تیر رہی ہریانہ کی نئی نویلی حکومت کی کابینہ توسیع کی بات آج (19 مارچ) انجام تک پہنچ گئی، لیکن کئی گہرے سوال چھوڑ گئی۔ یہ بھی صاف ہو گیا کہ بی جے پی میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ شام کو تقریباً پانچ بجے چنڈی گڑھ واقع راج بھون میں گورنر بنڈارو دتاترے نے ایک کابینہ اور 7 ریاستی وزراء کو عہدہ و رازداری کا حلف دلایا۔ اس کے ساتھ ہی ہریانہ میں حکومت تو پوری شکل میں سامنے آ گئی، لیکن سابق وزیر داخلہ و صحت انل وِج کے حملوں نے اس نئی نویلی حکومت کی خوب فضیحت کرائی۔ انل وِج نے نہ تو سابق وزیر اعلیٰ کو چھوڑا اور نہ ہی نئے وزیر اعلیٰ کو۔ انل وِج نے پہلے تو یہ پوری طرح واضح کر دیا کہ کابینہ توسیع کی بھی کوئی جانکاری انھیں نہیں دی گئی۔

اسپیکر کی دعوت پر اسمبلی کمیٹیوں کا رکن بننے کے لیے دوپہر میں انل وِج چنڈی گڑھ آئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں کرنال کے اسندھ میں آج لوک سبھا انتخابی تشہیر کا آغاز کرنے آ رہے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے آنے کی بھی کوئی جانکاری نہیں ہے۔ انھیں منانے کی چل رہی کوششوں کی بھی انھوں نے پوری طرح تردید کی۔ انھوں نے کہا کہ کسی نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ کرنال کے گھرونڈا گئے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی کے ان سے ملاقات کی بات کی بھی انھوں نے تردید کر دی۔ انل وِج نے کہا کہ ان سے کوئی ملنے نہیں آیا۔ میں تو انبالہ میں گھر پر ہی تھا۔ اگر ملنے آتے تو ہم ان کو چائے پلاتے۔

اس سے قبل آج صبح یہ بات سامنے آ رہی تھی کہ وزیر اعلیٰ انل وِج کو منانے کے لیے انبالہ کینٹ واقع ان کے گھر جائیں گے۔ اس سوال پر کہ وزیر اعلیٰ کہہ رہے تے کہ وہ ہمارے سینئر لیڈر ہیں، ان کا پہلے بھی ہمیں آشیرواد ملا ہے، اس تعلق سے انل وِج نے کہا کہ ان کا شکریہ اگر وہ ایسا مانتے ہیں۔ یہ وِج کا موجودہ وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی پر بڑا طنز تصور کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ سینئر تو میں ہوں ہی، حکومت میں میرے جتنا کوئی سینئر نہیں ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.