International

پیجر دھماکے : مواصلاتی آلات کے حوالے سے تائیوان میں چار افراد سے پوچھ گچھ

28views

تا ئپے 26 ستمبر:(ایجنسی)لبنان میں گذشتہ ہفتے کے دوران میں حزب اللہ تنظیم کے ارکان کے زیر استعمال وائر لیس مواصلاتی آلات (پیجر اور واکی ٹاکی) میں دھماکوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔تائیوان میں استغاثہ نے آج جمعرات کے روز اعلان کیا کہ اس نے مقامی کمپنی “گولڈ اپولو” کے حوالے سے اب تک چار گواہان سے پوچھ گچھ کی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس کمپنی نے ہی وہ آلات تیار کیے جن کو لبنان کے مختلف علاقوں میں دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا۔دار الحکومت تائی پے میں جنرل پراسیکیوشن کے دفتر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ “ہم اس معاملے میں تیزی سے تحقیقات کر رہے ہیں اور اسے جلد از جلد حل کرنے کی کوشش میں ہیں”۔ تاہم انھوں نے ان چار افراد کے نام نہیں بتائے جن سے پوچھ گچھ کی گئی۔اس سے پہلے سیکورٹی ذرائع نے باور کرایا تھا کہ وائر لیس آلات کے دھماکوں کا ذمے دار اسرائیل ہے جب کہ تل ابیب نے اپنے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔واضح رہے کہ گولڈ اپولو کمپنی جس کا صدر دفتر تائیوان میں ہے ، اس نے گذشتہ ہفتے اس بات کی تردید کی تھی کہ حملے میں استعمال ہونے والے آلات اس نے تیار کیے تھے۔ گولڈ اپولو کے مطابق ہنگری میں واقع “بی اے سی” کمپنی کے پاس گولڈ اپولو کا ٹریڈ مارک استعمال کرنے کا لائسنس ہے۔ تائیوان کی حکومت بھی اپنے طور پر ان آلات کے تائیوان میں تیار کیے جانے کی تردید کر چکی ہے۔اس سے پہلے با خبر ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ اسرائیل نے تین ماہ قبل ان پیجر آلات میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا۔ حزب اللہ نے ایک واسطے کے ذریعے چند ماہ قبل اس کھیپ کو درآمد کیا تھا جس میں تقریبا 5000 آلات تھے۔دھماکوں کے لیے مواد کب اور کس طرح ان آلات میں رکھا گیا یہ معمہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا۔ اس حوالے سے تحقیقات کا سلسلہ تائیوان سے شروع ہوا اور پھر بلغاریا، ناروے اور رومانیا تک پہنچ گیا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.