Bihar

بہار میں زہریلی شراب پینے سے 27 لوگوں کی موت، 50 زیر علاج

32views
سیوان؍چھپرا، 17 اکتوبر:۔ (ایجنسی) بہار میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بدھ سے اب تک 27 لوگ جان گنوا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ درجنوں افراد اپنی بینائی کھو چکے ہیں۔ کئی لوگوں کو نازک حالت میں پٹنہ ریفر کیا گیا ہے۔ تاہم اب تک انتظامیہ نے سیوان میں صرف چار اور چھپرا میں دو لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ سیوان میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 23 ہو گئی ہے۔ ضلع کے بھگوان پور تھانہ علاقہ کے مگھر گاؤں میں پولی تھین سے بنی زہریلی شراب پینے سے لوگوں کی صحت خراب ہونے لگی۔ بہت سے لوگوں کو قے، پیٹ میں درد اور بینائی ختم ہونے کی شکایت کے بعد مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ان میں سے 23 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ چار افراد کو پی ایم سی ایچ ریفر کیا گیا ہے، وہ آنکھوں کی روشنی سے محروم ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف سارن ضلع کے مسرخ تھانہ علاقے کے ابراہیم پور گاؤں میں زہریلی شراب نے چار لوگوں کی جان لے لی۔ اہل خانہ کے مطابق منگل کی رات سبھی نے شراب نوشی کی تھی۔ شراب پینے کے چند ہی گھنٹوں میں اس کی طبیعت خراب ہونے لگی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق سیوان میں 29 اور سرن میں 10 کی حالت نازک ہے۔ ساتھ ہی سارن سے ایک اور سیوان سے چار کو نازک حالت میں پٹنہ کے پی ایم سی ایچ ریفر کیا گیا ہے۔ ان سب کی بینائی ختم ہو چکی ہے۔ سارن انتظامیہ نے معاملے کی جانچ کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ سرن ڈی ایم نے کہا کہ ہم پوسٹ مارٹم اور وسرا رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ فی الحال پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ سارن کے ڈی ایم امن سمیر نے کہا کہ ’’مرنے والوں کی شناخت اور کیس کی تحقیقات جاری ہے۔ اب تک دو ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اموات کی جانچ کیلئے ایس آئی ٹی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو اس واقعے کی تحقیقات کرے گی‘‘۔ دوسری طرف سیوان میں ایس پی نے کارروائی کرتے ہوئے بھگوان پور ہاٹ تھانے کے تھانہ صدر اور دو چوکیداروں کو معطل کر دیا۔ وہیں سیوان میں اب تک 9 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انتظامیہ نے ایک ہیلپ لائن نمبر (06154-242008) جاری کیا ہے۔ ڈی ایم نے کہا کہ صدر اسپتال اور بسنت پور ہیلتھ سینٹر کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ایمبولینس بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ ایک طرف پولیس نے کارروائی تیز کر دی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے تو دوسری طرف اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ لواحقین نے خوف کے مارے کئی لاشوں کی تدفین بھی کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق شراب سیوان ضلع کے گہر کاوڑیا گاؤں سے منگوائی گئی تھی۔ جس گاؤں میں یہ واقعہ ہوا وہ سیوان اور چھپرا کی سرحد پر واقع ہے۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.