National

’انٹیل انڈیا‘ کے سابق سربراہ اوتار سینی کی سڑک حادثے میں موت

124views

سافٹ ویئر بنانے والی مشہور کمپنی انٹیل کے سابق سربراہ اوتار سینی کی ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ یہ حادثہ نوی ممبئی کے پام بیچ روڈ پر ہوا جب ایک تیز رفتار کار نے انہیں پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس ٹکر کے نتیجے میں سینی بری طرح زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر نزدیک کے ڈی وائی پاٹل اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

یہ حادثہ بدھ (28 فروری) کو ہوا۔ پولیس کے مطابق چیمبور کے رہنے والے 68 سالہ سینی سائیکلنگ کے شوقین لوگوں کے ایک گروپ کے ساتھ نیرول کے پاس پام بیچ روڈ پر سائیکل چلا رہے تھے۔ اسی دوران سڑک پر تیز رفتار سے آ رہی ایک کیب نے انہیں پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس کے بعد سینی زمین پر گئے اور شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوراً بعد  کیب ڈرائیور رشیکیش کھاڈے نے جائے حادثہ سے فرار ہونے کی کوشش کی اور ٹیکسی کو تقریباً ایک کلومیٹر تک بھگایا لیکن وہ آگے نہیں جا سکا۔ اوتار سینی کی سائیکل اس کی کار کے نچلے حصے میں پھنس گئی تھی جس کی وجہ سے وہ کار لے کر بھاگ نہیں سکا۔ اسی اثنا میں آس پاس کے لوگوں نے اسے پکڑ کر کوسٹل پولیس کے حوالے کر دیا۔

اوتار سینی کے دوستوں اور ساتھیوں کے مطابق وہ ایک مشہور چِپ ڈیزائنر تھے اور انہیں انٹیل 386 اور 486 مائیکرو پروسیسر بنانے کا کریڈیٹ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے پینٹیم پروسیسر کے ڈیزائن ٹیم کی بھی قیادت کی تھی۔ ایک دہائی سے چیمبور امیچور سائیکلنگ گروپ کے رکن اوتار سینی کی بیوی کا 3 سال قبل انتقال ہو گیا تھا۔ ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے، جو امریکہ میں ہیں۔

اوتار سینی ان اہم شخصیات میں سے ایک ہیں جو حالیہ دنوں المناک حادثات کے شکار ہوئے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ’واگھ بکری‘ کمپنی کے سربراہ پراگ دیسائی پر احمد آباد میں مبینہ طور پر آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا جس میں وہ زمین پر گئے تھے اور اسپتال میں ان کی موت ہو گئی تھی۔ ایک ٹیکنالوجی کمپنی کی سی ای او راج لکشمی وجے کی ممبئی کے ورلی علاقہ میں سائیکل چلاتے ہوئے موت ہو گئی تھی۔ ’ویسٹیکس‘ کے سی ای او سنجے شاہ کا حیدرآباد میں انتقال ہوگیا تھا جب کہ بزنس ٹائیکون سائرس مستری کی مہاراشٹر کے پالگھر میں ایک سڑک حادثے میں موت ہو گی تھی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.