National

نلسار یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت پر توجہ دینا خوش آئند اقدام

19views

کانوکیشن سے صدرجمہوریہ مرموکاخطاب

حیدرآباد28ستمبر(یواین آئی)صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء کو ٹکنالوجی کو پیشہ وارانہ ترقی کے لئے ایک آلہ اور سماجی انصاف کے ایک ذریعہ کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے طلباء کو ٹکنالوجی سے پیدا ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کامشورہ دیا۔مرمو نے حیدرآباد کی نلسار یونیورسٹی کے 21ویں کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے نلسار کی ان کوششوں کی ستائش کی جو معذوری، انصاف تک رسائی، جیل، بچوں کے انصاف، اور قانونی امداد جیسے مسائل کا خیال رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو انسانیت کی بھلائی کے لیے جانوروں،پرندوں، درختوں اور آبی ذخائر کی حفاظت کرنی چاہیے اور نلسار کا اینمل لا سنٹر اس سمت میں ایک اچھا قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی مصنوعی ذہانت کو بطور مطالعہ کے شعبہ پر توجہ دینا ایک خوش آئند اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ قدیم ہندوستان کی جمہوری روایات اور طریقوں کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے دستور ساز اسمبلی میں اپنے اختتامی خطاب میں اجاگر کیاتھا۔انصاف کی غیر جانبدارانہ فراہمی کی ضرورت کو بیان کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کا نظام معاشرہ کے موجودہ سماجی اور ثقافتی ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دس دیہات کے لیے تین مجسٹریٹس پر مشتمل ایک بنچ بنانے کا مشورہ دیا گیا تھا، جس میں اضلاع اور ریاستوں میں اعلیٰ عدالتیں موجود ہوں۔ انفرادی ججوں کے بجائے ججوں کے بنچ کو ترجیح دی گئی تھی۔ مرمو نے کہا کہ گاندھی جی نے غریب کسانوں کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ملک میں ستیہ گرہ اور چمپارن میں شروع کی گئی تحریک میں بڑے مقاصد کے لیے اپنی قانونی جدوجہد کا ثبوت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین ہماری آزادی کی جدوجہد کے نظریات یعنی انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے پر مشتمل ہے۔ مساوات کا نظریہ، جو دیباچے اور بنیادی حقوق میں شامل ہے، ایک ہدایت کے اصول کے طور پر بھی ظاہر ہوتا ہے جو انصاف کی فراہمی سے متعلق ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سچ بولنا ضروری ہے اور پیشہ ور افراد کا فرض ہے کہ وہ اعلیٰ اخلاقی اصولوں کے مطابق مشورہ دیں اور دیانتداری اور بہادری کے اقدار پر قائم رہیں۔انہوں نے طالبات کی کارکردگی کو خاص طور پر سراہا اور ان سے اپیل کی کہ وہ ان خواتین کی مدد کریں اور انہیں بااختیار بنائیں جو کمزور ہیں۔انہوں نے نلسار یونیورسٹی کے پیشہ ور افراد کو ملک گیر خواتین وکلاء اور قانون کی طالبات کے نیٹ ورک قائم کرنے میں مدد دینے کی دعوت دی تاکہ خواتین کے خلاف مظالم کو روکنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔صدر جمہوریہ نے قانون اور مینجمنٹ کے طلباء کو گولڈ میڈلس پیش کیے۔ تلنگانہ کے گورنر جیشنو دیو ورما، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس الوک ارادھے اور دیگر نے کانوکیشن میں شرکت کی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.