International

میانمار میں زلزلے سے 300 ایٹمی بم دھماکوں کے برابر توانائی پیدا ہوئی

55views

اموات دس ہزار تک پہنچنے کا اندیشہ:ماہر ارضیات

ینگون، 29 مارچ (یو این آئی) ماہر ارضیات کا کہنا ہے کہ میانمار میں آنے والے زلزلے سے 334 ایٹم بموں کے مساوی توانائی پیدا ہوئی۔ ساتھ ہی کہا کہ وسطی میانمار میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔سی این این کے کرس لاؤ کی رپورٹ کے مطابق ماہر ارضیات نے بتایا کہ جمعے کے روز میانمار میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے سے 300 سے زائد ایٹم بم دھماکوں کے برابر توانائی پیدا ہوئی۔جیس فینکس نے ’سی این این‘ کو بتایا کہ اس طرح کے زلزلے سے تقریباً 334 ایٹم بم نکلتے ہیں، انہوں نے خبردار کیا کہ زلزلے کے جھٹکے چند ماہ تک جاری رہ سکتے ہیں، کیوں کہ بھارتی ٹیکٹونک پلیٹ میانمار کے نیچے یوریشین پلیٹ سے ٹکرارہی ہے۔جیس فینکس نے کہا کہ میانمار میں تباہی ملک کی خانہ جنگی سے بدتر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عام طور پر مشکل صورتحال تقریباً ناممکن ہو جاتی ہے۔میانمار 4 سال سے جاری خانہ جنگی کا شکار ہے، جس کا آغاز خونریز اور معاشی طور پر تباہ کن فوجی بغاوت کے نتیجے میں ہوا ہے، جس کے نتیجے میں افواج ملک بھر میں باغی گروہوں سے نبرد آزما ہیں۔یہ تنازع اور مواصلاتی بندش بیرونی دنیا کے لیے یہ سمجھنے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے کہ زلزلے سے اب تک کیا اثرات مرتب ہوئے ہیں۔مقامی حکام کے مطابق میانمار میں کم از کم ایک ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔امریکا کے جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے جمعے کے روز اندازہ لگایا ہے کہ وسطی میانمار میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔یو ایس جی ایس نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جس میں ’زیادہ جانی و مالی نقصان‘ کی نشاندہی کی گئی ہے۔میانمار کی فوجی حکومت نے اب تک کم از کم 144 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی، لیکن مزید ملبہ ہٹانے اور لاشیں برآمد ہونے کے بعد یہ تعداد بڑھنے کا امکان ہے۔
زلزلے سے میانمار کے مختلف علاقوں میں عمارتیں تباہ ہوئیں، پُل منہدم ہو گئے اور سڑکیں منہدم ہو گئیں، جب کہ ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر منڈلے میں بڑے پیمانے پر تباہی دیکھی گئی۔برسراقتدار حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میانمار میں کم از کم 1002 افراد ہلاک اور 2 ہزار 400 کے قریب زخمی ہوئے ہیں، بنکاک میں مزید 10 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔مواصلات بری طرح متاثر ہونے کی وجہ سے الگ تھلگ فوجی زیر اقتدار ریاست سے تباہی کے حقیقی اعداد و شمار ابھی تک سامنے نہیں آئے، اور ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔امریکی ماہرین ارضیات کے مطابق یہ ایک صدی سے زائد عرصے میں میانمار میں آنے والا سب سے بڑا زلزلہ تھا اور زلزلے کے جھٹکے اتنے طاقتور تھے کہ زلزلے کے مرکز سے سیکڑوں کلومیٹر دور بینکاک میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ منڈلے میں ’اے ایف پی‘ کے صحافیوں نے صدیوں پرانا بودھی پگوڈا دیکھا جو زلزلے کی وجہ سے ملبے میں تبدیل ہو گیا تھا۔پگوڈا کے باہر سڑک پر ایک چیک پوسٹ پر موجود ایک فوجی نے کہا کہ پہلے تو یہ ہلنے لگا، پھر یہ منظر سنگین ہوگیا، یہ عمارت منہدم ہو گئی، ایک راہب بھی مر گیا، کچھ لوگ زخمی ہوئے، ہم نے کچھ لوگوں کو باہر نکالا اور انہیں ہسپتال لے گئے۔خانقاہ میں بدھا کے مرکزی مجسمے کا سر گر گیا اور اس کے قدم پلیٹ فارم پر رکھے رہ گئے۔ایسی عمارات میں بھی ہر کوئی اندر سونے کی ہمت نہیں کرتا، کیونکہ ہم نے سنا ہے کہ ایک اور زلزلہ آسکتا ہے، میں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی ایسا کچھ محسوس نہیں کیا۔منڈلے ہوائی اڈے کے محافظوں نے صحافیوں کو واپس بھیج دیا، ایک نے بتایا کہ یہ کل سے بند ہے، یہان ایک مقام پر چھت گر گئی لیکن کوئی زخمی نہیں ہوا۔ہوائی اڈے کو پہنچنے والا نقصا ن ایک ایسے ملک میں امدادی کوششوں کو پیچیدہ بنا دے گا، جہاں 2021 میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں شروع ہونے والی 4 سالہ خانہ جنگی کی وجہ سے امدادی خدمات اور صحت کا نظام پہلے ہی تباہ ہو چکا ہے۔قیامت خیز زلزلے کے نتیجے میں تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں بھی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور میانمار کے دارالحکومت نیپیڈو میں سڑکیں آمد و رفت کے لیے بند ہیں۔منہدم ہونے والی ایک زیرِ تعمیر عمارت میں 70 مزدوروں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، تاہم امدادی ٹیموں کو سینکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر منڈلے کے قریب تھا اور زمین میں اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق میانمار حکومت نے فوری طور پر زیادہ متاثرہ 6 علاقوں میں امدادی کارروائیوں کیلیے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوج تعینات کردی ہے۔اس کے علاوہ فوجی حکومت نے عالمی برادری اور امددی تنظیموں سے فوری اقدامات کرتے ہوئے امداد کی پرزور اپیل کی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.