International

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، رابطہ قائم نہیں ہو پا رہا!

138views

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو ملک کے صوبہ آذربائیجان کے پہاڑی علاقے میں حادثہ پیش آیا، جس کے بعد ہیلی کاپٹر اور اس میں سوار افراد کی تلاش جاری ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان جاری کر کے کہا ہے کہ صدر رئیسی سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے! ایران میں صدر رئیسی کی سلامتی کے لئے دعائیں کی جا رہی ہیں۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو صوبہ مشرقی آذربائیجان کے علاقے جلفا میں حادثہ پیش آیا ہے تاہم موسم کی خرابی کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر نے جہاں لینڈنگ کی تھی، وہاں کے لئے امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

یہ حادثہ ورزاغان کے علاقے میں علاقے دزمر میں جنگلات سے بھرپور پہاڑی علاقے میں پیش آیا جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ابراہیم رئیسی ایران اور پڑوسی ملک آذربائیجان کی سرحد پر اپنے ہم منصب الہام الیوف کے ہمراہ ڈیم کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے لیے گئے تھے اور وہاں سے واپسی پر ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق جس ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا اس میں ایرانی صدر کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ حسین عامر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور کچھ مقامی اہم عہدیداران بھی سوار تھے۔

ایران کے وزیر داخلہ احمد واحدی نے کہا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے قافلے میں شامل ایک ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی اور ہیلی کاپٹر سے رابطہ کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق سخت موسمی حالات اور دھند کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایرانی صدر کے انسٹا گرام اکاؤنٹ کی ایک پوسٹ میں عوام سے صدر کی صحت و سلامتی کے لیے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.