National

جمہوریت بچاؤ ریلی: مودی آندھی کی طرح آئے تھے، طوفان کی طرح چلے جائیں گے! تیجسوی یادو کا طنز

120views

نئی دہلی: اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ دہلی کے رام لیلا میدان میں ’میگا ریلی‘ کے ذریعے طاقت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ دہلی کی بھیڑ بتا رہی ہے کہ مودی جی (وزیر اعظم نریندر مودی) آندھی کی طرح آئے تھے اور طوفان کی طرح چلے جائیں گے۔ ہم ملک کے کونے کونے میں جہاں بھی جا رہے ہیں عوام کا آشیرباد حاصل کر رہے ہیں۔ ہم یہاں ملک کے آئین اور بھائی چارے کو بچانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ ملک میں تقسیم کا کام ہو رہا ہے۔ نفرت کی سیاست کی جا رہی ہے۔ اس لیے ہم سب لیڈر آپ کی لڑائی کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔

تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام اس لڑائی میں ہمارا ساتھ دیں۔ نعرے لگانے والوں کی تعداد اس بار 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان کے پاس منہ ہے، وہ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں لیکن عوام مالک ہے۔ عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک پر کون حکومت کرے گا۔ وہ نعرے لگا رہے ہیں اور ٹارگٹ فکس کر رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ای وی ایم پہلے ہی سیٹ ہو چکی ہیں۔ ان لوگوں کو اقتدار سے ہٹانا ضروری ہے۔

تیجسوی یادو نے مزید کہا، ’’یہ نعرہ لگا رہے ہیں کہ اب کی بار 400 پار مگر یہ آپ لوگوں کو طے کرنا ہے کہ یہ اگلی بار میں اقتدار میں رہیں گے یا اقتدار سے بے دخل کریں گے۔ انہوں نے کہ مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے اپوزیشن کے لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، مگر ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ لیکن جب ملک کی عوام انہیں جواب دے گی تو مودی جی ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ جھوٹ بولنے والے لوگ ہیں۔ یہ لوگ آنکھ پھوڑ کر چشمہ دے دیں گے اور کہیں گے کہ ہم نے لوگوں کو چشمہ دیا ہے! مودی جی کی گارنٹی چائنیز مال کی طرح ہے، جب تک الیکشن ہے اس وقت تک ہی مودی کی گارنٹی ہے۔‘‘

آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اقتدار میں رہنے والے آمر اور متکبر ہو چکے ہیں۔ ہم آپ کو بتا رہے ہیں کہ ہم کیا محسوس کر رہے ہیں۔ سوال کرنا اپوزیشن کا فرض ہے۔ آج ملک کے سب سے بڑے دشمن مہنگائی، بے روزگاری اور غربت ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کسی نوجوان کو نوکری نہیں دی۔ جب ہم نے بہار میں حکومت چلائی تو 17 مہینوں میں 5 لاکھ لوگوں کو سرکاری نوکریاں دی گئیں۔

تیجسوی یادو نے کہا کہ ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی بی جے پی کے شعبے ہیں۔ لالو جی کو متعدد بار تکلیف دی گئی ہے۔ میرے خلاف مقدمات چلے ہیں۔ میری ماں، میری بہنیں، میرے جیجا جی، میرے والد کے تمام رشتہ داروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ہمارے کئی لیڈروں کے خلاف اس وقت چھاپے ماری جاری ہے۔ ای ڈی، آئی ٹی کی چھاپے ماری ہو رہی ہے لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم جدوجہد کریں گے۔ پنجرے میں صرف شیر ہی قید ہوتے ہیں۔ ہم سب شیر ہیں۔ ہم آپ کے لیے لڑ رہے ہیں۔

کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ اس ‘جمہوریت بچاؤ ریلی’ کا مقصد کسی فرد کو بچانا نہیں ہے، بلکہ آئین اور جمہوریت کو بچانا ہے۔ ریلی میں کانگریس لیڈر سونیا گاندھی، ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی اہلیہ کلپنا سورین، اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال، شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، ایس پی سپریمو اکھلیش یادو، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی، ٹی ایم سی لیڈر ڈیرک اوبرائن، بائیں بازو کے لیڈر سیتارام یچوری، این سی پی (پوار) کے شرد پوار سمیت کئی سینئر لیڈر نے بھی ریلی میں شرکت کی۔

انڈیا اتحاد کی طرف سے 20 ہزار لوگوں کی ریلی کے لیے اجازت لی گئی ہے۔ رام لیلا میدان کے ہر گیٹ پر چیکنگ کے انتظامات کے ساتھ ساتھ آس پاس کے علاقوں میں نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.