ہنگامہ آرائی کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی
نئی دہلی، 18 دسمبر ( یو این آئی ) ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی وراثت کے سلسلے میں آج راجیہ سبھا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کے اراکین کے درمیان گرما گرم بحث اور الزامات و جوابی الزامات کا تبادلہ ہوا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی روک دی گئی اور پھر دن کے لیے کارروائی ملتوی کرنی پڑی قبل ازیں صبح بھی اسی معاملے پر ہنگامہ آرائی کے باعث کارروائی 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ کارروائی میں خلل کے باعث ایوان میں وقفہ صفر اور وقفہ سوالات نہیں ہوسکا۔چیئرمین جگدیپ دھنکڑنے 2 بجے کارروائی دوبارہ شروع کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی امور کے وزیر نے ایوان میں خصوصی بل سے پہلے بینکنگ بل پر بحث کرنے کی درخواست کی ہے اور اپوزیشن نے بھی ایسی ہی درخواست کی ہے۔جب کانگریس کے رکن پرمود تیواری نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کا مسئلہ اٹھانا چاہا تو چیئرمین نے کہا کہ بابا صاحب پورے ملک کے لیے مثالی ہیں اور ہر کوئی ان کے نظریات اور اصولوں پر چلتا ہے۔ امبیڈکر جی نے پارلیمانی روایت کے بارے میں بہت کچھ کہا تھا جیسے ایوان میں خوشگوار ماحول کو برقرار رکھنا، بحث اور اتفاق رائے پر یقین رکھنا۔مسٹر تیواری نے کہا کہ تمام اراکین اس ایوان میں صرف بابا صاحب کی وجہ سے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے آئین کے خالق کی توہین کی ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ وزیر داخلہ نے ایوان میں صرف یہ کہا ہے کہ کانگریس نے ہمیشہ بابا صاحب کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وزیر داخلہ کی تقریر کا صرف دس سیکنڈ کا حصہ دکھا کر ملک کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور وہ اس کی تردید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے ایوان میں کہا تھا کہ کانگریس نے بار بار سازش کر کے بابا صاحب کو انتخابات میں ہرایا۔ بابا صاحب کی توہین کے لیے کانگریس کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔ کانگریس نے بابا صاحب کو بھارت رتن نہ دے کر بھی گناہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت بابا صاحب کی وراثت کو بچانے کے لیے بہت سے اقدامات کر رہی ہے۔اس دوران کانگریس کے اراکین نے بابا صاحب کی توہین کا الزام لگاتے ہوئے نعرے بازی جاری رکھی۔اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ کانگریس کوئی نیا مسئلہ نہیں اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر امت شاہ نے جس طرح طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر کانگریس امبیڈکر جی کی طرح کئی بار بھگوان کا نام لیتی تو یہ ان کے لئے بہتر ہوتا۔اس پر مسٹر رجیجو نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر ایک بار پھر ایوان کو گمراہ کر رہے ہیں۔مسٹر کھڑگے نے کہا کہ کانگریس امبیڈکر جی کی توہین برداشت نہیں کرے گی۔ایوان میں حزب اقتدار کے قائد جگت پرکاش نڈا نے بھی کہا کہ مسٹر کھڑگے ملک کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ کانگریس نے ہمیشہ امبیڈکر جی کی توہین اور ان کی تحقیر کی ہے۔چیئرمین نے کہا کہ یہ سب ایوان کے سامنے ہوا اور انہوں نے خود یہ ویڈیو دیکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو بابا صاحب کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔اس دوران دونوں طرف کے اراکین نے زور زور سے بولنا شروع کر دیا۔ ایوان میں افراتفری کا ماحول دیکھ کر آخرکار چیئرمین نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔