National

ممبئی میں وسیع و عریض ہورڈنگ کے ملبہ سے مزید دو لاشیں برآمد، ہلاک شدگان کی تعداد 16 ہو گئی

125views

ممبئی: ممبئی میں رواں ہفتے کے اوائل میں جس جگہ پر وسیع و عریض ہورڈنگ گر گیا تھا، وہاں سے مزید دو لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ بی ایم سی ڈیزاسٹر منیجمنٹ نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ اس کے ساتھ ہی اس حادثہ میں جان گنوانے والوں کی تعداد 16 ہو گئی۔ برآمد کی گئی لاشوں میں سے ایک مرد اور ایک عورت کی ہے۔ دونوں کی لاشیں بری طرح مسخ ہو چکی ہیں اور ان کی شناخت منوج چنسوریا (60) اور انیتا چنسوریا (59) کے طور پر کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 13 مئی کو وسیع و عریض ہورڈنگ گرنے کے بعد آج چوتھے دن بھی چیدا نگر علاقہ میں بچاؤ کا کام جاری رہا۔ بدھ کو بچاؤ کے کام کے دوران کئی گاڑیاں برآمد کی گئی، جس سے ہلاک شدگان کی تعداد میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔

اس حادثہ کے بعد ممبئی کے باشندگان میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، کیونکہ شہر میں ریلوی کی زمین کے علاوہ 1025 چھوٹے بڑے ہورڈنگ موجود ہیں۔

بی ایم سی نے تمام غیر قانون اور 40 بائی 40 فٹ اور اس سے زیادہ کے منظور شدہ ہورڈنگ کو ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ شہری بلدیہ نے سینٹرل ریلوے اور ویسٹرن ریلوے کو بھی ان کی زمینوں پر تمام غیر قانون ہورڈنگ کی فوری شناخت اور انہیں ہٹانے کے لئے نوٹس جاری کیا ہے۔

Follow us on Google News