Bihar

چاچا نے صحیح کہا کہ مودی پھر سے پی ایم نہیں بن رہے ہیں! تیجسوی یادو کا نتیش کمار پر حملہ

174views

آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے ’وزارت اعلیٰ کی ایک اور مدت کار‘ کی خواہش این ڈی اے کی ’یقینی شکست‘ کی نشاندہی کرتی ہے۔ وہ ایک انتخابی ریلی کے دوران نتیش کمار کی زبان پھسلنے کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ (نتش کمار) چاہتے ہیں کہ نریندر مودی ایک بار پھر وزیر اعلیٰ بنیں۔ کبھی کبھی اندر کی بات سامنے آ ہی جاتی ہے۔ مودی دوبارہ وزیر اعظم نہیں بننے جا رہے ہیں۔

تیجسوی یادو نے کہا کہ ’مزاج رکھئے ٹناٹن-ٹناٹن، نوکری ملے گی پھٹاپھٹ-پھٹاپھٹ، غریب دیدی کے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ جائی کھٹاکھٹ-کھٹاکھٹ، بی جے پی کے ہو جائی صفا چٹ-صفاچٹ اور لالٹین پر ووٹ گری ٹھکاٹک-ٹھکاٹک‘۔ انہوں نے کہا کہ میسا دیدی یہاں سے الیکشن لڑ رہی ہیں، یکم جون کو لالٹین کے انتخابی نشان پر بٹن دبا کر لالو جی اور راہول گاندھی جی کے ہاتھوں کو مضبوط کریں اور انہیں بھاری ووٹوں سے جتائیں۔ آر جے ڈی لیڈر نے نتیش کمار کے اتوار کو انتخابی ریلی میں دیئے گیے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کل چاچا نے کہا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ نریندر مودی جی وزیر اعلیٰ بنیں۔ کبھی نہ کبھی اندر کی بات سامنے آہی جاتی ہے۔ چاچا جی بنارس میں مودی جی کی نامزدگی میں بھی نہیں گئے، وہ بیمار پڑ گئے۔ سمجھنے والے سمجھتے ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ جو کام ہم نے 17 مہینوں میں کیا وہ 17 سالوں میں بھی نہیں ہوا۔ نوجوانوں کو پانچ لاکھ سرکاری نوکریاں دی گئیں۔ تین لاکھ نوکریاں دینے کے عمل کو لاگو کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر چاچا جی (وزیر اعلیٰ نتیش کمار) ادھر کا رخ نہ کرتے تو آٹھ لاکھ (نوکری) ہو جاتا۔ اب وہ پلٹ گئے کیونکہ بی جے پی والوں نے انہیں ’ہائی جیک‘ کر لیا۔ وہ تو بزرگ ہیں۔ ہم تو اپنے چاچا کی عزت کرتے ہیں۔ وہ بزرگ ہیں، گارجین کی طرح ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ وہ جہاں بھی رہیں خوش و صحت مند رہیں۔ لیکن چاچا نے کہا تھا کہ جو 14 میں آئے ہیں وہ 24 میں جائیں گے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ بھلے ہی چاچا کا جسم وہاں ہے لیکن دل یہاں ہے۔

پی ایم مودی پرتنقید کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ جب منڈل تحریک شروع ہوئی تو وہ اپنے  گرو اڈوانی جی کے ساتھ ان کے رتھ کے ہمسفر بنے تھے۔ وہ ریزرویشن کی مخالفت کر رہے تھے اور اب یہاں بہار آکر کہتے ہیں کہ لالٹین والے لوگ (آر جے ڈی کا انتخابی نشان) دلتوں اور پسماندہ طبقات کا ریزرویشن چھین لیں گے۔ ارے لالو جی نے غریبوں کو آواز دی۔ منڈل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کروایا۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ پی ایم کام کی بات نہیں کرتے ہیں، انہیں حساب دینا چاہئے تھا کہ انہوں نے اپنے 10 سال کے دور حکومت میں بہار کے لئے کیا کیا۔ تیجاشوی نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری، غربت اور مہنگائی ہے، لیکن ہمارے وزیر اعظم غریبوں کا ’غ‘ نہیں بولتے، بیروزگاری کا ’ب‘ نہیں بولتے، مہنگائی کا ’م‘ نہیں بولتے۔ یہاں آکر وہ مٹن، مچھلی، منگل سوتر، مندر-مسجد بولتے ہیں کہ  لالٹین ولا ’مجرا‘ کرتا ہے۔ آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم نے وقار کو مجروح کرنے والی بات کی ہے۔

پی ایم مودی کے حالیہ ’بہار کو لوٹنے‘ کے بیان پر تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار کے لوگ کسی سے نہیں ڈرتے۔ ایک 73 سالہ شخص (پی ایم مودی) ایک 34 سالہ نوجوان کو جیل کی دھمکی دے رہا ہے۔ بہار کے لوگ گجرات کے لوگوں سے نہیں ڈرتے۔ بہار کے لوگ کسی سے نہیں ڈرتے، ہمارے بھگوان کرشن کی پیدائش جیل میں ہوئی تھی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.