International

غزہ اور لبنان میں جنگ بندی، ریاض کانفرنس عرب ٹھوس موقف اپنائے: ایران

18views

تہران 13 نومبر (ایجنسی)ایران کے نائب صدر محمد عارف نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں جنگ بندی بالکل ضروری ہے۔ ریاض میں عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے دوران اپنی تقریر میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہائیوں میں غزہ میں بدترین دشمنانہ کارروائیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ایرانی نائب صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ اور لبنان میں جنگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس موقف اختیار کرے۔غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس پیر کے روز سے سعودی دارا لحکومت ریاض میں جاری ہے۔ اس میں 50 عرب اور اسلامی ممالک شریک ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے افتتاحی تقریر کے ذریعے سربراہی اجلاس کا آغاز کیا۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی جانب سے تمام حاضرین کا خیر مقدم کیا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سربراہی اجلاس فلسطینیوں پر مسلسل اسرائیلی حملوں کی روشنی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ مملکت غزہ میں اسرائیلی حملوں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتی ہے۔ وہاں فلسطینی اتھارٹی کے کردار کو کم کرنے سے بھی انکار کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مملکت سعودی عرب غزہ میں انسانی ہمدردی کے اداروں کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے عمل کو مسترد کرتی ہے۔ سعودی ولی عہد نے زور دیتے ہوئے کہا ہم فلسطین اور لبنان کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم ایرانی سرزمین پر حملوں کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کا اہل ہے۔ سعودی عرب نے دو ریاستی حل کی حمایت کے لیے ایک عالمی اقدام شروع کیا ہے۔ ہم ایک فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت کی توثیق کرتے ہیں۔ ہم لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں اور ہم لبنان کی سلامتی کو لاحق خطرے کو مسترد کرتے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.