National

مودی حکومت عوام کو راشن دے کر خود کو ’راجہ‘ اور عوام کو ’غلام‘ سمجھنے لگی ہے: کانگریس

127views

اتر پردیش میں ایک حیران کرنے والا معاملہ پیش آیا ہے جہاں دو ہوم گارڈس نے مل کر ایک دلت چوکیدار کو برسرعام اس لیے پٹائی کر دی کیونکہ وہ ایسے لوگوں کی حمایت میں بات کر رہا تھا جو سرکاری راشن لینے کے باوجود بی جے پی کو ووٹ دینے کے حق میں نہیں۔ اس خبر کی کٹنگ کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے اور مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کا فری رشن لیتا ہے اور بی جے پی کو ووٹ بھی نہیں دے گا؟ یہ کہتے ہوئے بریلی میں سرعام ایک دلت چوکیدار ویریندر کمار کو ہوم گارڈس نے بے رحمی سے پیٹا۔ غریبوں کے کھانے کی ضرورتیں پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جو عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ہی آتا ہے۔ لیکن… مودی حکومت عوام کو راشن دے کر خود کو ’راجہ‘ اور عوام کو ’غلام‘ سمجھنے لگی ہے۔‘‘

اس پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ایک طرف نریندر مودی عوام کے پیسوں سے موج اڑاتے ہیں، دوسری طرف ان کے غنڈے اناج کے لیے غریب عوام کو جوتوں تلے روندتے ہیں۔ عوام پر کی گئی یہ بربریت بہت بھاری پڑے گی۔‘‘

دراصل ایک نیوز پورٹ میں بتایا گیا ہے کہ درج فہرست ذات کے ایک تھانیدار ویریندر دھانک کو منگل (14 مئی) کے روز نواب گنج کے تحصیلدار رجنیش سکسینہ کی سیکورٹی میں تعینات دو ہوم گارڈس نے تحصیل احاطہ میں ہی سڑک پر بری طرح پیٹا۔ ویریندر نے اس حادثہ کے بعد پولیس کو تحریری شکایت دی ہے۔ تحریری شکایت میں اس نے بتایا کہ دونوں ہوم گارڈس کچھ لوگوں کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے۔ وہ ایسے لوگوں کے لیے نازیبا الفاظ کا استعمال کر رہے تھے جنھوں نے مفت راشن لینے کے بعد بھی بی جے پی کے علاوہ کسی اور کو ووٹ دیا۔ دونوں گارڈس ایسے لوگوں کو گندی گالیاں دے رہے تھے جس کی مخالفت چوکیدار ویریندر نے کی۔

ویریندر کا کہنا ہے کہ ’’میں نے اتنی بات کہی تھی کہ غریب لوگوں کو جو سرکاری سہولیات مل رہی ہیں، وہ ان کا حق ہے، اور انھیں یہ بھی حق حاصل ہے کہ وہ جسے چاہے اپنا ووٹ دیں۔ اسی بات پر دونوں ہوم گارڈس نے مجھے بھی گالیاں دینی شروع کر دیں۔‘‘ بتایا جاتا ہے کہ تحصیل احاطہ میں ہی ویریندر کو سڑک پر گرا دیا گیا اور پیٹنا شروع کر دیا۔ ایک ہوم گارڈ نے ان کے سر پر پیر رکھ کر رگڑا تو دوسرے نے رائفل کی بٹ سے انھیں بری طرح پیٹا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.