National

بشنوئی گینگ کے قریبی نے سلمان خان سے 5 کروڑ مانگے

9views

پیسے نہ دئیے گئے تو سلمان خان کی حالت بابا صدیقی سے بھی بدتر ہو جائے گی

ممبئی ٹریفک کنٹرول روم میں واٹس ایپ پردھمکی آمیز پیغام

ممبئی18 اکتو بر(ایجنسی):اداکار سلمان خان کے لیے ممبئی ٹریفک کنٹرول روم میں دھمکی آمیز پیغام آیا ہے۔ پیغام بھیجنے والے شخص نے خود کو لارنس بشنوئی گینگ کا قریبی بتایا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ نمبر پر دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا، جس میں اداکار سلمان خان سے لارنس بشنوئی کی دیرینہ دشمنی ختم کرنے کے لیے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پیغام بھیجنے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ وہ سلمان اور لارنس گینگ کے درمیان صلح کرائے گا۔ ایسا کرنے کے لیے اس نے پیسے مانگے اور کہا کہ پیسے نہ دئیے گئے تو سلمان خان کی حالت بابا صدیقی سے بھی بدتر ہو جائے گی۔وارننگ لکھتے ہوئے لکھا کہ ’اسے ہلکے سے نہ لیں، اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں اور لارنس بشنوئی سے دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں 5 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے، اگر رقم نہ دی گئی تو سلمان خان کی حالت بابا صدیقی سے بھی بدتر ہو گی۔ممبئی پولس نے اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے اور معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
قا بل ذکر ہےکہ 12 اکتوبر کی دیر رات این سی پی لیڈر بابا صدیقی کا باندرہ کے نرمل نگر میں اس وقت قتل کر دیا گیا جب وہ اپنے بیٹے کے دفتر سے باہر آ رہے تھے۔ یہ واقعہ تین لوگوں نے مل کر انجام دیا۔ 66 سالہ رہنما کو تین گولیاں لگیں۔ اس کے بعد انہیں لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا، لیکن تب تک ان کی موت ہوچکی تھی۔بابا صدیقی قتل کیس میں پولیس اب تک چار افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ ان میں ہریانہ کے رہنے والے گرو میل بلجیت سنگھ (23)، اتر پردیش کے رہنے والے دھرم راج راجیش کشیپ (19) شامل ہیں۔ یہ دونوں مبینہ شوٹر ہیں۔ دو دیگر گرفتار افراد میں ہریش کمار بلکرم نشاد (23) اور پروین لونکر، “شریک سازش کار” اور شبھم لونکر کے بھائی ہیں۔ پروین پونے کا رہنے والاہے۔تین کے خلاف ایل او سی جاریممبئی پولیس نے مرکزی شوٹر شیوکمار گوتم سمیت تین ملزمان کے خلاف ‘لُک آؤٹ سرکلر (LOC) جاری کیا ہے۔ تاکہ انہیں ملک سے فرار ہونے سے روکا جا سکے جن میں ایل او سی میں نامزد دیگر دو ملزمان “شریک سازش کار” شبھم لونکر اور حملہ آوروں کے مشتبہ ماسٹر محمد ذیشان اختر ہیں۔ این سی پی لیڈر بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان خان کو خصوصی سیکورٹی دی گئی ہے۔ اسے وائی + سیکیورٹی دی گئی ہے۔ ان کی تمام ملاقاتیں اور یہاں تک کہ شوٹنگ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے قریبی لوگوں کو بھی ان سے ملاقات نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری لیتے ہوئے لارنس بشنوئی گینگ کو سلمان خان سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ ایسے میں ایک بار پھر خبر سامنے آ رہی ہے کہ سلمان خان کو بشنوئی گینگ کے نام پر دھمکیاں دی گئی ہیں اور 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اے این آئی کے مطابق ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ نمبر پر دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا ہے جس میں سلمان خان سے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بھیجنے والے نے دعوی کیا، ‘اسے ہلکے سے نہ لیں۔ اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں اور لارنس بشنوئی سے دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں 5 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے۔ رقم نہ دی گئی تو سلمان خان کی حالت بابا صدیقی سے بھی بدتر ہو جائے گی، معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ممبئی پولیس نے اس کی جانچ شروع کردی ہے۔
مزید 5 گر فتار
ممبئی کی کرائم برانچ نے نیشنلسٹ کانگریس (این سی پی) اجیت پوار دھڑے کے لیڈر بابا صدیقی کے قتل میں مزید پانچ ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ ممبئی کے باندرہ میں گزشتہ ہفتے ہوئے بابا صدیقی کے قتل کے معاملے میں اب تک ممبئی پولس کی کرائم برانچ نے کل 9 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے جمعہ کو بابا صدیقی کے قتل کیس میں مزید پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان پانچ افراد کو پنویل اور کرجت سے گرفتار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے ایک ملزم ہے جس کے بشنوئی گینگ سے رابطے ہیں۔ ان ملزمان پر قتل کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ بابا صدیقی کے قتل کے پیچھے گینگسٹر لارنس بشنوئی کا ہاتھ ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے سلمان خان کو دھمکی دینے کے لیے صدیقی کا قتل کرایا تھا۔ممبئی ٹریفک پولیس کو سلمان خان کے نام دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے کے بعدسلمان خان کے گھر کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ باندرہ میں سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر حفاظتی انتظامات سخت کر دئیے گئے ہیں۔ ہائی ٹیک ہتھیاروں کے ساتھ تقریباً 30 پولیس اہلکار گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس اہلکار AK-47 جیسے مہلک ہتھیاروں کے ساتھ گلیکسی اپارٹمنٹ کے ارد گرد موجود ہیں۔نئی ممبئی کی پنویل پولیس نے جمعرات کو شوٹر سکھا کو پانی پت، ہریانہ سے گرفتار کیا۔ سکھا اس سے پہلے سلمان خان کے پنویل فارم ہاؤس کی ریکی کرنے والے اور فائرنگ کرنے والے ملزموں کے ساتھ شامل تھا۔ گرفتاری کے بعد اسے نوی ممبئی لایا گیا اور اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ سکھا کو آج ممبئی کی پنویل عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے چار دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.