National

مہاراشٹر میں حکومت نے عوام کے10,000 کروڑ روپے ڈکار لئے: کانگریس

31views

نئی دہلی، 18 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کی حکومت نے ضابطوں میں تبدیلی کرکے ٹیکس دہندگان کی جیبیں کاٹ لی ہیں اور ان کے 10,000 کروڑ روپے نکال کر ان کمپنیوں کو دے دئیے ہیں جنہوں نے انتخابی بانڈز کے ذریعے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کو چندہ دیا ہے کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کمپنیوں نے الیکٹورل بانڈز کے ذریعے چندہ لیا اور مہاراشٹر حکومت کو دیا اور دوسری طرف حکومت نے ان کمپنیوں کو امیر بنا دیا۔ ان کے لیے ضابطوں میں تبدیلی کی گئی اور ان کے فائدے کے لیے اصول بدلے گئے۔انہوں نے اسے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی لوٹ مار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل وہی کہانی ہے جو ہم بچپن سے سنتے آرہے ہیں کہ جب بھی کوئی چور کسی بینک میں چوری کرنے جاتا ہے تو وہ سرنگ بناتا ہے اور اکثر ایسی چوریاں ہوتی ہیں، جس میں چوکیدار کی ملی بھگت ہوتی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ مہاراشٹر میں پیش آیا ہے، جس میں خود مہایوتی حکومت نے 10 ہزار کروڑ روپے کی ڈکیتی کی ہے۔ یہ 10 ہزار کروڑ روپے مہاراشٹر کے لوگوں کے ہیں، جو حکومت کو ٹیکس کے طور پر دیئے گئے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ اس سے قبل چندہ دو ، دھندھا لو کی اسکیم چل رہی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اسے روک دیا۔ جب سے عدالت نے ان کی یہ اسکیم روکی ہے، پیسے بٹورنے کے لیے نئی اسکیمیں بنائی جارہی ہیں۔ جب ٹینڈر جاری کیے جاتے ہیں، تو بہت سے پیرامیٹرز ہوتے ہیں، جو مختلف رہنما خطوط کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائے جاتے ہیں، لیکن ان تمام پیرامیٹرز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔”رولز میں تبدیلی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک معیار ہے کہ کوئی ایک کمپنی دو سے زیادہ پروجیکٹ حاصل نہیں کر سکتی لیکن دو کمپنیوں کو 4 پراجیکٹس دئیے گئے ہیں۔ ایک اور معیار یہ ہے کہ کمپنی کے پاس ٹنلنگ کا تجربہ ہونا چاہیے، جب کہ ان منصوبوں میں ٹنلنگ کا کام صرف 10 فیصد ہے۔ اس کے باوجود اس منصوبے کا نام ہی بدل کر ٹنل رکھ دیا گیا تاکہ کام ان کمپنیوں کو دیا جا سکے۔ انتخابی بانڈز میں 13 فیصد چندہ بھی مہاراشٹر سے اکٹھا کیا گیا۔ ایک زمانے میں ‘ڈی’ کمپنی تھی، لیکن آج مودی کے دور میں ‘ بی ‘ کمپنی آگئی ہے، جو مہاراشٹر کو لوٹ رہی ہے۔مسٹر پون کھیڑا نے کہا ’’تعمیرات کی فی کلومیٹر لاگت جو دوسری ریاستوں اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے مختص کی تھی، مہاراشٹر میں دوگنی کر دی گئی۔ اس طرح حکومت نے مہاراشٹر کے ٹیکس دہندگان کی جیبوں سے 10,000 کروڑ روپے نکال کر کمپنیوں کو دیے اور دوسرے ہاتھ سے چندے کی شکل میں ان سے چھین لیے۔ یہ بی جے پی کی لوٹ مار ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.