National

بہار میں سیاسی ہلچل تیز، رکن اسمبلی بیما بھارتی نے بھی جنتا دل یو کو کہا خیر باد، آر جے ڈی کا تھاما دامن

69views

لوک سبھا انتخاب سے قبل ایک بار پھر جنتا دل یو کو جھٹکا لگا ہے۔ رپولی سے جنتا دل یو رکن اسمبلی بیما بھارتی نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے اور آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) کا دامن تھام لیا ہے۔ اس خبر سے بہار میں سیاسی ہلچل میں تیزی آ گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اب آر جے ڈی کی طرف سے لوک سبھا انتخاب میں کھڑی ہو سکتی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بیما بھارتی جنتا دل یو کی ان دو اراکین اسمبلی میں شامل تھیں، جو 12 فروری کو اسمبلی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دوران ندارد تھیں۔ اس کے بعد سے ہی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ جنتا دل یو چھوڑ سکتی ہیں۔

آر جے ڈی کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیما بھارتی نے کہا کہ ’’پورنیہ کی عوام ہمیں ووٹ دینے کے لیے تیار ہے۔ اگر ہماری پارٹی پورنیہ لوک سبھا سیٹ سے میدان میں اتارے گی تو ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔‘‘ جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ پورنیہ سے پپو یادو کو ٹکٹ دیے جانے کی بات چل رہی ہے، تو انھوں نے کہا کہ ’’اس سلسلے میں پارٹی کے بڑے لیڈران… تیجسوی یادو، رابڑی دیوی، لالو پرساد جو فیصلہ کریں گے اس کو مانوں گی۔‘‘

اس درمیان پپو یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’مر جائیں گے لیکن کانگریس نہیں چھوڑیں گے، دنیا چھوڑ دیں گے لیکن پورنیہ نہیں چھوڑیں گے۔‘‘ ان کے اس پوسٹ سے ظاہر ہے کہ وہ پورنیہ لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ حالانکہ پپو یادو کو مدھے پورہ سیٹ سے بھی کھڑا کیا جا سکتا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس سلسلے میں جلد ہی کانگریس اور آر جے ڈی کے درمیان بات چیت کر فیصلہ کیا جائے گا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.