پٹنہ، 30 اپریل (یو این آئی) : پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم کی ہدایت پر شہر میں 02 مئی سے تجاوزات کے خلاف مہم کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔ضلع مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) نے اس مہم کے لیے نو ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ یہ ایک خصوصی مہم ہوگی جو پٹنہ میونسپل کارپوریشن کے چھ حلقوں نوتن راجدھانی، پاٹلی پتر، کنکڑ باغ، بانکی پور، عظیم آباد، پٹنہ سٹی کے ساتھ ساتھ نگر پریشد کھگول، پھلواری شریف اور داناپور نظامت میں بھی چلائی جائے گی۔اس مہم میں انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ، ریونیو، روڈ کنسٹرکشن، صحت، پولیس، فائر بریگیڈ، رج کنسٹرکشن کارپوریشن، ٹیلی کام، فاریسٹ ڈویژن اور محکمہ بجلی سمیت مختلف محکموں کے افسران اور اہلکار شامل ہوں گے۔ضلع مجسٹریٹ نے واضح کیا ہے کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے عوامی مقامات سے تجاوزات ہٹانے کی کارروائی مسلسل اور باقاعدگی سے انجام دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد نہ صرف سڑکوں اور عوامی جگہوں کو خالی کرانا ہے بلکہ شہری نظام کو بہتر اور منظم بنانا بھی ہے۔انہوں نے اربن مینجمنٹ یونٹ کے حکام کو ہدایت دی کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہر ماہ پیشگی کیلنڈر جاری کیا جائے تاکہ کارروائی منظم انداز میں ہو سکے۔ ساتھ ہی فالو اپ ٹیموں کو بھی فعال رکھنے پر زور دیا گیا تاکہ ایک بار ہٹائی گئی تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہو سکیں۔ڈاکٹر تیاگ راجن نے ٹریفک کی روانی کو خاص اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ اہم شاہراہوں کو ترجیحی بنیادوں پر صاف رکھا جائے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے ٹریفک کا نظام بہتر ہوگا اور شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ملے گی، جبکہ دوبارہ تجاوزات کے امکانات بھی کم ہوں گے۔اس مہم کے تحت کئی اہم علاقوں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں نہرو پتھ (بیلی روڈ)، سگنا موڑ سے داناپور ریلوے اسٹیشن، شیخ پورہ موڑ سے رکن پورہ، بورنگ روڈ اور بورنگ کینال روڈ، اٹل پتھ اور پٹنہ اسٹیشن روڈ، کنگڑ باغ مین روڈ اور ٹیمپو اسٹینڈ علاقہ، گاندھی میدان کے اطراف اور گاندھی میدان سے دیگھا و پٹنہ سٹی جانے والے راستے شامل ہیں۔آخر میں ضلع مجسٹریٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ مہم کے لیے مقررہ دنوں کے علاوہ بھی متعلقہ بلدیاتی ادارے روزانہ کی بنیاد پر کارروائی جاری رکھیں گے تاکہ شہر میں تجاوزات کے مسئلے پر مستقل قابو پایا جا سکے۔ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ عام لوگوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جے پی گنگا پتھ، نہرو پتھ، اٹل پتھ، چتکوہرا پل، وکاس بھون، ڈاک بنگلہ چوراہا، گوریا ٹولی سے جی پی او، پٹنہ جنکشن، چڑیا ٹانڑ پل، راجا پور پل، راجا بازار، کارگل چوک سے این آئی ٹی، کنکڑ باغ روڈ، انیس آباد اور سگنا موڑ کو ’مکمل طور پر تجاوزات سے پاک‘ کیا جائے۔اس کے علاوہ، انہوں نے عوامی مفاد میں ہرمندر صاحب گردوارہ، بال لیلا گردوارہ، کنگن گھاٹ، گرو کے باغ کے علاقوں سمیت مورچہ روڈ، معروف گنج موڑ سے مال سلامی، دیدارجنگ تھانہ، اشوک راج پتھ اور راجیندر نگر ٹرمینل جیسے تمام اہم راستوں کو صاف رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔مسٹر تیاگ راجن کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہر ٹیم میں مجسٹریٹس اور پولیس افسران کے ساتھ خواتین فورس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ بلدیاتی اداروں سے ایگزیکٹو افسرز، سٹی مینیجرز، چیف سینیٹری انسپکٹرز اور ویڈیو گرافرز کی خدمات لی گئی ہیں۔ یہ مہم 30 مئی تک جاری رہے گی۔ روزانہ کی بنیاد پر مہم کا جائزہ لیا جائے گا اور نتائج کی بنیاد پر آگے کی کارروائی ہوگی۔ضلع مجسٹریٹ نے تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ شہر کی خوبصورتی پر بھی زور دیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ خالی کرائی گئی جگہوں پر شجرکاری کی جائے اور انہیں بہتر انداز میں سجایا سنوارا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف ماحول بہتر ہوگا بلکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کارروائی میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ویڈیو گرافی کو لازمی قرار دیا ہے، تاکہ ہر مرحلے کا ریکارڈ محفوظ رہے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں اس کی جانچ کی جا سکے۔مزید برآں، بلدیاتی اداروں کو جرمانہ عائد کرنے کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔ ہدایات کے مطابق عارضی تجاوزات پر 5,000 روپے جبکہ مستقل تجاوزات یا تعمیرات کی صورت میں 20,000 روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا، تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ممکن ہو۔
ضلع مجسٹریٹ نے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے بھی کہا ہے کہ وہ متعلقہ تھانوں کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائیں کہ تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہوں اور ٹریفک کا نظام متاثر نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے ایس ڈی او اور ایس ڈی پی او کی نگرانی میں فالو اپ ٹیمیں مسلسل کام کریں گی۔ اگر کسی جگہ سے تجاوزات ہٹانے کے بعد دوبارہ قبضہ کیا گیا تو ذمہ دار افراد کے خلاف لازمی طور پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔








Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593549