گاڑیوں کا استعمال کم سے کم کرنے کی اپیل کی
پٹنہ، 13 مئی: وزیراعظم کی جانب سے توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کی اپیل کے بعد بہار کے وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے ریاست میں ایندھن کی بچت کے لیے ایک جامع مہم کا آغاز کیا ہے۔ بدھ کے روز ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے عوام اور سرکاری مشینری پر زور دیا کہ وہ ڈیزل اور پیٹرول کے استعمال کو کم سے کم کرنے کے لیے گاڑیوں کا استعمال محدود کریں اور پائیدار طرز زندگی اپنائیں۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے سب سے پہلے خود سے شروعات کرتے ہوئے اپنے سرکاری قافلے میں گاڑیوں کی تعداد کو کم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے، تاکہ حکومتی سطح پر ایک مثال قائم کی جا سکے۔وزیراعلیٰ نے ریاست کے تمام وزراء، کارپوریشن بورڈز کے چیئرپرسنز، اراکین، عوامی نمائندوں اور اعلیٰ حکام سے مخلصانہ اپیل کی ہے کہ وہ عوامی تقریبات اور جلسوں میں شرکت کے دوران اضافی گاڑیوں کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پروٹوکول کے نام پر گاڑیوں کی طویل قطاریں ایندھن کا ضیاع ہیں جنہیں روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ریاست کے عام شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ اپنی نجی گاڑیوں کے بجائے میٹرو، بسوں، آٹو رکشہ اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے ذرائع کو ترجیح دیں تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہو اور پیٹرولیم مصنوعات کی بچت بھی ممکن ہو سکے۔انتظامی سطح پر بڑی تبدیلیاں لاتے ہوئے وزیراعلیٰ نے تمام سرکاری محکموں کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ اب سرکاری کانفرنسیں اور میٹنگز زیادہ تر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کی جائیں تاکہ افسران کو ایک شہر سے دوسرے شہر سفر نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ، سرکاری اور نجی دفاتر کو ‘ورک فروم ہوم ‘ (گھر سے کام) کے کلچر کو فروغ دینے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ ملازمین کی روزانہ کی نقل و حمل میں ایندھن کا استعمال کم ہو۔ ماحولیات اور صحت کے حوالے سے ایک اور منفرد فیصلہ لیتے ہوئے سرکاری دفاتر کی کینٹینوں میں پام آئل کا استعمال کم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔اس مہم کا سب سے اہم پہلو ‘نو وہیکل ڈے ‘(No Vehicle Day) کی تجویز ہے، جس کے تحت وزیراعلیٰ نے ریاست کے تمام شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ہفتے میں کم از کم ایک دن اپنی گاڑی گھر پر چھوڑیں اور پیدل یا سائیکل کا استعمال کریں۔ سمراٹ چودھری نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے نہ صرف ریاست کے معاشی بوجھ میں کمی آئے گی بلکہ آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے اسے ایک عوامی تحریک بنانے کا عزم ظاہر کیا تاکہ بہار توانائی کے تحفظ کے معاملے میں ملک کے لیے ایک نمونہ بن کر ابھرے۔










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4594813