National

‘بھارت پول، ملک میں بین الاقوامی تحقیقات میں ایک نئے دور کا آغاز

37views

بیرون ملک فرار ہونے والے مجرموں کو پکڑنے کے لئے ایک مضبوط ذریعہ بن جائے گا: شاہ

نئی دہلی 07 جنوری ( یو این آئی ) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ ہندوستان میں ‘بھارت پول، پورٹل سے بین الاقوامی تحقیقات کے معاملے میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے اور اس پورٹل اور تین نئے فوجداری قوانین سے بیرون ملک فرار ہونے والے مجرموں کو پکڑنے کے لئے ایک مضبوط ذریعہ بن جائے گا۔مسٹر شاہ نے آج یہاں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے ذریعہ تیار کردہ بھارت پول پورٹل کا آغاز کیا۔ انہوں نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی ) کے 35 ایوارڈ یافتہ افسران کو پولیس میڈل بھی پیش کیے، جنہیں ممتاز خدمات کے لیے صدر جمہوریہ کا پولیس تمغہ اور تفتیش میں بہترین کارکردگی کے لیے مرکزی وزیر داخلہ کا تمغہ دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی داخلہ سکریٹری اور سی بی آئی کے ڈائریکٹر سمیت کئی معززین موجود تھے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس پورٹل کے آغاز کے ساتھ ہی ہندوستان بین الاقوامی تحقیقات کے معاملے میں ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پول کے ذریعے ہندوستان کی ہر ایجنسی اور پولیس فورس بہت آسانی سے انٹرپول کے ساتھ رابطہ قائم کر سکے گی اور تفتیش کو تیز کر سکے گی۔مسٹر شاہ نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں نے ‘سائنسی روڈ میپ، اور ٹائم باؤنڈ پروگرام کے تحت ہندوستان کے ‘علاقائی لیڈر، سے ‘عالمی لیڈر، تک کے سفر کو تشکیل دیا ہے اور ہم اس راستے پر بھی آگے بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سمت میں آگے بڑھتے ہوئے اور عالمی چیلنجوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہمیں اپنے سسٹم کو اپ گریڈ کرنا ہوگا اور بھارت پول اس سمت میں ایک قدم ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت پول کے پانچ بڑے ماڈیولز کے ذریعے قانون نافذ کرنے والی تمام ایجنسیوں کو ان کی مدد کے لیے ایک تکنیکی پلیٹ فارم ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنیکٹ ماڈیول کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے اب ایک طرح سے انٹرپول کا نیشنل سینٹرل بیورو بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے انٹرپول نوٹس کے لیے درخواستوں کی فوری، محفوظ اور منظم ترسیل کو بھی یقینی بنایا جائے گا، جس سے ہم ہندوستان اور دنیا بھر میں مجرموں کی تیز رفتار ٹریکنگ کے لیے ایک سائنسی نظام تشکیل دے سکیں گے۔مسٹر شاہ نے کہا کہ 195 ممالک کے انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک تحقیقات کے لیے بین الاقوامی مدد دینا اور لینا بہت آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 195 ممالک سے امداد کی درخواستیں ہمیں براڈکاسٹ ماڈیول کے ذریعے فوری طور پر دستیاب ہوں گی اور وسائل کے ذریعے ہم دستاویزات وصول کرنے اور بھیجنے اور صلاحیت بڑھانے کے لیے ایک نظام ترتیب دے سکیں گے۔مسٹر شاہ نے کہا کہ بہت تفصیلی مشق کے بعد بھارت پول پورٹل بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پورٹل کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ جرائم پر قابو پانے کے لیے ہماری ایجنسیوں کے درمیان براہ راست اور موثر رابطے کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پورٹل کے ذریعے ہم عالمی نیٹ ورک کے ساتھ ڈیٹا شیئر کرنے کے قابل ہو جائیں گے اور ریڈ کارنر نوٹس اور دیگر نوٹس جاری کرنے کے لیے اپنی اور دیگر ممالک کی درخواستوں پر تیزی سے عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کئی برسوں سے ہندوستان میں جرائم کرنے والے اور دنیا کے دیگر ممالک میں فرار ہونے والے مجرم ہمارے قوانین کی گرفت سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جدید نظام کے ذریعے قانون کی گرفت سے باہر جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ تین نئے فوجداری قوانین کی مدد سے عدالتی حکم کے ساتھ عدالتی عمل کو یقینی بناتے ہوئے مفرور مجرموں کے خلاف ان کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلانا آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان مجرموں کو ہندوستانی عدالتوں سے سزا ملنے کے بعد انہیں بیرون ملک سے ہندوستان لانا آسان ہو جائے گا۔مسٹر شاہ نے کہا کہ اس نئے پروویژن اور بھارت پول کے ذریعے ہماری قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے لیے دنیا کے کسی بھی کونے میں چھپے مجرموں کو ہندوستانی نظام انصاف کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لانا بہت آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے سی بی آئی کو بھارت پول شروع کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی تربیت کو نچلی سطح تک لے جانے کی ذمہ داری لینی چاہیے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.