بالٹیمور حادثہ: جہاز کے ’بلیک باکس‘ میں ملا آڈیو، پائلٹ کی آواز اور حادثہ سے قبل کا ہنگامہ دیا سنائی
گزشتہ منگل کی شب امریکہ کے بالٹیمور بندرگاہ پر مال بردار جہاز ’ڈالی‘ فرانسس اسکاٹ پُل سے ٹکرا گیا تھا جس سے یہ تاریخی پل تقریباً پوری طرح تباہ ہو گیا۔ اس حادثہ میں کچھ جانیں بھی گئیں اور تقریباً تین کلو میٹر لمبا پُل کچھ ہی سیکنڈ میں پٹاپسکو ندی میں سما گیا۔ اس حادثہ کے بعد فوراً ایک ٹیم تشکیل کر جانچ شروع کر دی گئی، اور اب ایک اہم خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ جہاز کے ’بلیک باکس‘ میں آڈیو ملا ہے جو حادثہ کے وقت پیدا حالات کو بیان کر رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ کی جانچ کر رہی ٹیم کو ’بلیک باکس‘ میں ایسی آڈیو ملی ہے جو بہت اہم ہے۔ ٹیم میں شامل مارسیل موئز کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈ فورس نے منگل کے روز ہی بلیک باکس کے وی ڈی آر سے آڈیو برآمد کیا تھا اور اس آڈیو کو این ٹی ایس بی افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ منگل کی شب تقریباً 1.27 بجے یہ حادثہ پیش آیا تھا اور آڈیو میں اس سے ٹھیک پہلے پائلٹ اور ہنگامہ کی آواز صاف سنائی دے رہی ہے۔ آئیے نیچے دیکھتے ہیں کتنے بجے آڈیو میں کس طرح کی آواز سننے کو مل رہی ہے…
00.30 بجے: ’ڈالی‘ کو دو بڑی کشتیوں کی مدد سے بندرگاہ سے روانہ کیا گیا۔ جہاز میں ہندوستان کے 21 پائلٹ ٹیم کے رکن تھے اور سبھی سری لنکا کے طویل سفر پر جا رہے تھے۔
01.07 بجے: جہاز فورٹ میک ہنری چینل میں داخل کر چکا تھا۔
01.24 بجے: ’ڈالی‘ فورٹ میک ہنری چینل کے اندر تقریباً 9 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 141 ڈگری کی فطری سمت میں نیویگیٹ کر رہی تھی۔
01.26.02 بجے: وی ڈی آر نے جہاز کے سسٹم ڈاٹا کو ریکارڈ کرنا شروع کر دیا۔
01.26.39 بجے: جہاز کے پائلٹ نے ایک ریڈیو کال نشر کیا، جس میں ڈالی کے پاس ٹگس سے مدد مانگی گئی۔
01.27.04 بجے: پائلٹ نے ڈالی کو پورٹ اینکر چھوڑنے کی ہدایت دی اور آگے اسٹیئرنگ کمانڈ جاری کیے۔
01.27.25 بجے: پائلٹ نے وی ایچ ایف ریڈیو پر بتایا کہ ڈالی پوری طرح سے بے قابو ہو چکی ہے اور ’فرانسس اسکاٹ کی برج‘ کی طرف جا رہی ہے۔
01.29.33 بجے: وی ڈی آر آڈیو ریکارڈ میں ڈالی کے پُل کے ساتھ ٹکرانے کی آوازیں سنائی دیں۔ تقریباً اسی وقت ایک ایم ڈی ٹی اے ڈیش کیمرہ پُل کی لائٹس بجھتے ہوئے دکھاتا ہے۔
01.29.39 بجے: پائلٹ نے ’فرانسس اسکاٹ کی برج‘ ٹوٹنے کی خبر دی۔
واضح رہے کہ ’فرانسس اسکاٹ کی برج‘ ایک تاریخی پُل تھا جس کے منہدم ہونے سے بالٹیمور بندرگاہ سے کئی ممالک کا کنکشن کٹ گیا ہے۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ اس پُل کی از سر نو تعمیر میں تقریباً دو سال کا وقت لگ سکتا ہے۔ اندازہ یہ بھی ہے کہ اسے دوبارہ تیار کرنے میں 350 ملین ڈالر خرچ ہو سکتے ہیں۔