
پٹنہ، 19 فروری (یو این آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جرائم اپنے عروج پر ہیں اور حکومت بے خبر ہے۔مسٹر یادو نے بہار میں بڑھتے جرائم کے حوالہ سے مسٹر کمار پر ایک بار پھر بڑا حملہ کیا ہے۔ بدھ کے روز انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں بہار میں لاء اینڈ آرڈر کے معاملے پر مسٹر کمار اور ان کی حکومت کو نشانہ بنایا گیا۔ تیجسوی نے اس حوالے سے کرائم بلیٹن جاری کیا ہے۔ تیجسوی نے جنوری کے مہینے میں بہار میں جرائم کے 137 مختلف واقعات کا ذکر کیا۔اپوزیشن لیڈر نے سوشل میڈیا ہینڈل ایکس پر لکھا، حکومت بے خبر ہے۔ بہار میں خون کی بہار! این ڈی اے کی پانچ جماعتوں کے جاری راکشس راج میں جنوری کے مہینے کے کچھ اہم واقعات جو بہار میں ہوئے ۔ اس کے بعد انہوں نے 137 واقعات کا ذکر کیا۔ جس میں بھوجپور، دربھنگہ، ویشالی، مظفر پور، روہتاس سمیت کئی اضلاع کے مجرمانہ واقعات شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں لکھا ہے کہ بہار کی حالت سنگین ہے، وجہ تیر ہے۔
