بہار: شادی کی تقریب میں مچی افرا تفری، مچھلی اور مٹھائی کھانے کے بعد درجنوں افراد بیمار، علاج کے لیے اسپتال میں داخل
بہار کے ضلع بھوجپور میں ایک شادی تقریب کے دوران کھانا کھا کر درجنوں افراد بیمار پڑ گئے جس سے ایک افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ بیمار لوگوں کو فوراً جگدیش پور سَب ڈویژنل ہاسپیٹل لے جایا گیا۔ یہاں ان کی حالت میں بہتری نہیں ہو پائی جس کے بعد انھیں فوری طور پر آرہ صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ وہاں سبھی مریضوں کا علاج کرایا جا رہا ہے اور بیشتر کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ کچھ مریضوں کی طبیعت زیادہ خراب ہے جنھیں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ جمعہ کی شب کا ہے جب ’تلک‘ کی ایک تقریب میں مہمانوں و میزبانوں نے مچھلی اور مٹھائی کھائی تھی۔ اس کے بعد ہی سبھی کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی۔ الٹی، دست اور پیٹ میں شکایت کے بعد متاثرہ لوگوں کو فوراً علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بیمار لوگوں میں بھوراہی ٹولہ باشندہ سویتا دیوی، پربھاوتی دیوی، پوجا دیوی، ومل یادو، سنجو دیوی، ریا کماری شامل ہیں۔ ان کے علاوہ آیر تھانہ علاقہ کے برناؤ گاؤں باشندہ نشا کماری، گرجن یادو، سیما کماری، موٹری دیوی، ویر بہادر یادو اور اسدن گاؤں باشندہ وجیشور یادو، چرپوکھری تھانہ حلقہ کے پسور گاؤں باشندہ سنگیتا کماری، مانتی دیوی، آیوش کمار، پنٹو کمار، نیتو دیوی شامل ہیں۔ 24 سے زائد افراد کا ہنوز اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
ایک مقامی شخص اوما شنکر کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ بھوراہی ٹولہ باشندہ بمل یادو کے بیٹے اجئے یادو کی جمعہ کو ’تلک‘ تقریب تھی جس میں سبھی لوگ شامل ہونے کے لیے پہنچے تھے۔ جمعہ کی شب لوگوں نے حلوائی کے ذریعہ بنائی گئی مٹھائی اور مچھلی کھائی۔ اچانک سبھی لوگوں کی طبیعت بگڑنے لگی۔ دیکھتے ہی دیکھتے بیمار لوگوں کی تعداد دو درجن سے زیادہ ہو گئی، جس میں بچے، بوڑھے اور کئی خواتین بھی شامل ہیں۔ ایک شخص نے یہ بھی بتایا کہ کچھ ایسے لوگوں کی بھی طبیعت خراب ہوئی ہے جس نے صرف مٹھائی کھائی تھی۔
بہرحال، آرہ صدر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں آن ڈیوٹی ڈاکٹر سجیت نے بتایا کہ سبھی بیمار لوگوں کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔ فوڈ پوائزننگ ہونے کے سبب الٹی، دست اور پیٹ میں درد کی شکایت ہے۔ لیکن سبھی لوگوں کا ابتدائی علاج کر دیا گیا ہے۔ کچھ لوگوں کو نگرانی میں رکھ کر علاج کرایا جا رہا ہے۔ ان کی حالت ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا۔