National

ذیابیطس کا عالمی دن: ایمس آج سے مریضوں کو مفت انسولین کرے گا فراہم

199views

نئی دہلی: ذیابیطس کے عالمی دن پر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، نئی دہلی نے ذیابیطس کے مریضوں کو بڑا تحفہ دیا ہے۔ ٹائپ ون، ٹائپ ٹو یا کسی اور قسم کی ذیابیطس میں مبتلا مریض جو زندگی بھر انسولین کے انجیکشن لگاتے ہیں انہیں انسولین کے لیے نہ تو پیسے خرچ کرنے پڑیں گے اور نہ ہی انہیں روزانہ اسے خریدنے کے لیے دھکے کھانے پڑیں گے۔ ایمس دہلی نے ذیابیطس کے مریضوں کو مفت انسولین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایمس میں ذیابیطس کے شکار لوگوں میں مفت انسولین کی تقسیم کا عمل 14 نومبر 2023 یعنی ذیابیطس کے عالمی دن سے شروع ہو رہا ہے۔ جن مریضوں کو انسولین تجویز کی جاتی ہے انہیں ایمس کے کسی بھی او پی ڈی سے مفت انسولین کی شیشیاں فراہم کی جائیں گی۔ یہ مفت سہولت فراہم کرنے کے لیے ایمس نے نیو راج کماری امرت کور او پی ڈی بلڈنگ کے سامنے امرت فارمیسی میں دو نئے کاؤنٹر شروع کئے ہیں۔

خیال رہے کہ ذیابیطس کا عالمی دن 1991 سے منایا جا رہا ہے۔ اس بار، ‘ذیابیطس کی دیکھ بھال تک رسائی’ کے تھیم کی مدد سے، لوگوں کو ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچنے یا اس کی بروقت شناخت کرنے اور اس کا صحیح علاج کرانے کی ترغیب دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ذیابیطس کی عالمی تنظیم کے مطابق دنیا بھر میں 10 میں سے ایک شخص ذیابیطس کا شکار ہے۔ جن میں سے 90 فیصد سے زیادہ ذیابیطس ٹائپ ٹو میں مبتلا ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.