National

لوک سبھا الیکشن کے پیش نظر کانگریس کی ‘ڈور ٹو ڈور’ مہم، کھڑگے نے کیا ہر ’گارنٹی‘ پوری کرنے کا وعدہ

139views

لوک سبھا انتخابات کے لیے کانگریس کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ پارٹی نے آج (3 اپریل) کو دہلی کے شمال مشرقی علاقوں میں اپنے گارنٹی کارڈ تقسیم کئے۔ اس گارنٹی کارڈ میں پارٹی نے بتایا ہے کہ اگر اس کی حکومت بنتی ہے تو وہ عوام سے کون کون سے وعدے پورے کرے گی۔ اس ضمن میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ ہم اپنی ہر گارنٹی کو پورا کریں گے۔

کانگریس کے صدر نے اس ’ڈور ٹو ڈور‘ مہم کی اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے آنے والے دنوں میں پارٹی کارکنان گھر گھر جا کر گارنٹی کارڈ تقسیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج کانگریس اپنا گارنٹی کارڈ تقسیم کرنے شمال مشرقی دہلی میں آئی ہے۔ ہمارا پیغام یہ ہے کہ کانگریس کی 5 گارنٹیوں کے تحت ہم 25 گارنٹیاں پوری کریں گے۔ کانگریس کے کارکنان گھر گھر جاکر گارنٹی کارڈ تقسیم کریں گے اور لوگوں سے مل کر انہیں بتائیں گے کہ ’انڈیا الائنس‘ کی حکومت بننے پر ہم عوام کے لیے کیا کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہماری حکومت نے ہمیشہ غریبوں کے لیے کام کیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہو گا۔‘‘

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’پی ایم ہمیشہ ’مودی کی گارنٹی‘ کی بات کرتے ہیں، مگر وہ جس گارنٹی کی بھی بات کرتے ہیں وہ کبھی پوری نہیں ہوتی۔ پی ایم نے کہا تھا کہ ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دیں گے۔ سبھی کے کھاتے میں 15-15 لاکھ روپے آئیں گے، کسانوں کی آمدنی دوگنی ہو جائے گی لیکن انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا، وہ صرف جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔‘‘ کھڑگے نے مزید کہا کہ ’’کانگریس جو کہتی ہے وہ کر دکھاتی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ’نیائے گارنٹی کارڈ‘ میں 5 گارنٹیوں کا ذکر ہے۔ جس میں ’حصہ داری نیائے‘، ’یووا نیائے‘، ’کسان نیائے‘، ’ناری نیائے‘ اور ’شرمک (محنت کش) نیائے‘ شامل ہیں۔ حصہ داری نیائے میں ایس سی، ایس ٹی اور اوبی سی ریزرویشن پر 50 فصید کی حد ختم کرنے کی بات کہی ہیں گئی ہے ۔ اس  میں کہا گیا ہے کہ جہاں اسی ٹی برادری کے لوگ زیادہ ہوں گے وہاں شیڈول علاقے بنائے جائیں گے۔

اسی طرح یووا نیائے میں کہا گیا ہے کہ یووا نیائے کے تحت 30 لاکھ نئی نوکریاں دی جائیں گی۔ پیپر لیک ہونے سے مکمل آزادی دلائی جائے گی۔ کسان نیائے کے بارے میں کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ قرض معافی کمیشن بنایا جائے گا اور جی ایس ٹی سے پاک کھیتی ہوگی۔ ناری نیا کے تحت کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت کی نئی بھرتیوں میں خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن ملے گا، جبکہ شرمک نیائے کے تحت اربن ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ لایا جائے گا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.