فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے دہلی میں ٹاسک فورس کی تشکیل، جم کر کاٹے گئے چلان، تندور پر بھی پابندی
نئی دہلی : دارالحکومت دہلی میں آلودگی کے پیش نظر گرڈ رسپانس ایکشن پلان (GRAP-4) نافذ کیا جارہا ہے۔ گریپ 4 کے تحت قواعد پر سختی سے عمل کرانے کے لئے ایک 6 رکنی خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔ محکمہ ماحولیات کے اسپیشل سکریٹری اس ٹاسک فورس کی قیادت کریں گے۔ آج دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے آلودگی سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ کی، جس کے بعد یہ معلومات دی گئیں۔ اسپیشل ٹاسک فورس کے دیگر پانچ ممبران اسپیشل ٹرانسپورٹ کمشنر ، ڈی سی پی ٹریفک (ہیڈ کوارٹر) ، ڈی سی ریونیو (ہیڈ کوارٹر)، چیف انجینئر ایم سی ڈی اور چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی ہوں گے۔
یہ بتایا گیا ہے کہ 3 نومبر سے دارالحکومت میں 19 ہزار سے زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے چالان کاٹے گئے ہیں ۔ 3 سے 15 نومبر تک 754 اوور لوڈ گاڑیوں کا چالان کیا گیا۔ نیز 6046 ٹرکوں کو سرحد سے ہی واپس لوٹا دیا گیا ۔ دہلی کی سرحد پر آنے والے 1،316 ٹرکوں کا چالان کیا گیا۔
دہلی حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ اس عرصے کے دوران 16،689 BS-3 اور BS-IV گاڑیوں کا چالان کیا گیا ۔ اصول کی خلاف ورزی کرنے والی ہر گاڑی سے بطور چالان 20 ہزار روپے وصول کئے گئے ۔ گاڑیوں کی آلودگی کی جانچ پڑتال کے تحت 3 نومبر سے 19،227 پی یو سی چالان کئے گئے ہیں۔
611 ٹیمیں اینٹی اوپن برننگ مہم کے تحت کام کر رہی ہیں، جنہوں نے اب تک 154 چالان کئے ہیں ۔ 3.95 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور 929 تندور توڑے گئے ہیں۔ راجدھانی میں کنسٹرکشن ڈیمولیشن ایکٹیویٹیز پر نظر رکھنے کیلئے 581 ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ 3895 تعمیراتی مقامات کا معائنہ گریپ کے قواعد کے تحت کیا گیا ہے ۔