National

جموں: اکھنور میں دردناک سڑک حادثہ، عقیدتمندوں سے بھری بس 150 فیٹ گہری کھائی میں گری، 21 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

100views

جموں کے اکھنور میں آج عقیدتمندوں سے بھری ایک بس سڑک کنارے موجود 150 فیٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ اس حادثہ میں اب تک 21 لوگوں کی موت سے متعلق خبریں سامنے آ چکی ہیں، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد تقریباً 40 بتائی جا رہی ہے جن میں کچھ کی حالت سنگین ہے۔ سنگین طور پر زخمی مریضوں کو میڈیکل ہاسپیٹل کے لیے ریفر کیا گیا ہے جہاں ان کے علاج کا مکمل انتظام کیا جا رہا ہے۔

حادثہ کی خبر ملتے ہی پولیس اور بچاؤ ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ زخمیوں کو ریسکیو کر قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ مہلوکین کی لاشیں بس سے نکالنے میں کافی مشقت کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ حادثہ کے بعد وہ بس میں پھنس گئی تھیں۔ مقامی لوگوں نے بچاؤ کاری کے عمل میں بہت مدد کی۔

موصولہ اطلاع کے مطابق یہ بس اکھنور کے چنگی مڑھ علاقہ میں ایک سڑک کنارے بنی گہری کھائی میں جا گری۔ بس کے اندر کئی عقیدتمند سوار تھے۔ سبھی عقیدتمند ہریانہ کے کروکشیتر باشندہ بتائے جا رہے ہیں جو شیو کھوڑی زیارت کے لیے جا رہے تھے۔ بس جب اکھنور کے چنگی مڑھ علاقہ کے ٹانگلی موڑ سے گزر رہی تھی، اسی وقت 150 فیٹ نیچے کھائی میں جا گری۔

اس درمیان میڈیکل کالج جموں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نرندر سنگھ کا کہنا ہے کہ سی ایس ای اکھنور کے ذریعہ سب سے پہلے اس حادثہ کی جانکاری دی گئی۔ سی ایس ای نے مطلع کیا تھا کہ وہ 25-20 زخمیوں کو ریفر کر رہے ہیں، ان میں سے 16 مریض اسپتال پہنچے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.