ہر شہری تک پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم
جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ،29؍اپریل: ریاستی حکومت کی ہدایات کے مطابق گرمی کے موسم کے پیش نظر ضلع میں پانی کی فراہمی اور صحت کی خدمات کے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے بدھ کو ڈپٹی کمشنر رام گڑھ ریتوراج کی صدارت میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے سب سے پہلے ایگزیکٹو انجینئر (محکمہ پینے کا پانی اور صفائی ستھرائی) اور تمام بلاک ڈیولپمنٹ افسران سے ان کے اپنے علاقوں میں پانی کی فراہمی کی موجودہ صورتحال کی تفصیلی معلومات حاصل کی۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ ضلع کے ہر شہری تک باقاعدہ اور بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اس مقصد کے لیے ڈپٹی کمشنر نے تمام بلاک ڈیولپمنٹ افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں عوامی نمائندوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ جلد میٹنگ منعقد کر کے تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلقات عامہ کو ضلع سطحی کنٹرول روم اور اس کے فون نمبروں کی وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے کی ہدایت دی تاکہ عام لوگ اپنی شکایات آسانی سے درج کرا سکیں۔ ساتھ ہی تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ کنٹرول روم کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کا فوری اور موثر حل یقینی بنائیں۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر نے شہری اور دیہی علاقوں میں چلنے والی پینے کے پانی کی اسکیموں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور تمام اسکیموں کے باقاعدہ آپریشن کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے خراب پڑی پانی کی اسکیموں کی ترجیحی بنیادوں پر مرمت کرانے اور منصوبہ بند طریقے سے انہیں دوبارہ شروع کرنے کے احکامات دیے۔ایگزیکٹو انجینئر نے بتایا کہ محکمانہ ٹیم روزانہ ضلع کے مختلف علاقوں میں خراب پڑے ہینڈ پمپس کی مرمت کا کام کر رہی ہے۔ یکم اپریل 2026 سے اب تک کل 3667 ہینڈ پمپس کی مرمت مکمل کی جا چکی ہے۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے کاموں میں مزید تیزی لانے اور سو فیصد ہدف حاصل کرنے کی ہدایت دی۔گرمی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے سول سرجن رام گڑھ کو ہدایت دی کہ صدر اسپتال، تمام کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز اور دیگر طبی اداروں میں ہیٹ ویو اور گرمی سے بچاؤ کے حوالے سے وسیع بیداری مہم چلائی جائے۔ ساتھ ہی تمام مراکز صحت میں کافی مقدار میں او آر ایس ، ضروری ادویات اور دیگر وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران سے گرمی کے موسم میں عوام کو راحت پہنچانے کے حوالے سے تجاویز بھی طلب کیں اور موصولہ تجاویز کی بنیاد پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی کی فراہمی اور صحت کی خدمات میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکمے آپسی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہونے دیں۔









Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593432