ہندوستان اور مصر کے در میان دفاعی تعاون کومستحکم کرنے کے لیے منصوبے پر اتفاق
نئی دہلی، 23 اپریل (یو این آئی) ہندوستان اور مصر نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے منصوبے پر اتفاق کیا ہے ہندمصر مشترکہ دفاعی کمیٹی نے بدھ کو قاہرہ میں منعقدہ تین روزہ گیارہویں میٹنگ کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے معنی خیز بات چیت کی۔ہند وستانی وفد کی قیادت جوائنٹ سکریٹری (بین الاقوامی تعاون) امیتابھ پرساد نے کی، جس میں وزارت دفاع اور مسلح افواج کے سینئرنمائندے شامل تھے۔ مصری وفد کی قیادت دفاعی افواج اور وزارت دفاع کے سینئر حکام نے کی۔وزارت دفاع نے جمعرات کو بتایا کہ دونوں فریقوں نے پچھلی مشترکہ دفاعی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جامع جائزہ لیا اور دفاعی شراکت داری کے لیے مستقبل پر مبنی فریم ورک تیار کیا۔ انہوں نے 2026-27 کے لیے دوطرفہ دفاعی تعاون کے منصوبے پر اتفاق کیا، جس میں منظم فوجی رابطے کے طریقہ کار کی توسیع، مشترکہ تربیتی تبادلے کو مضبوط بنانا، بحری سکیورٹی تعاون کو بڑھانا، فوجی مشقوں کے دائرہ کار کو بڑھانا اور دفاعی پیداوار و ٹیکنالوجی میں تعاون کی حوصلہ افزائی کرنا شامل ہے۔ہندوستانی وفد نے ہندوستانی دفاعی صنعت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں پر پریزنٹیشن دی۔ اس میں بتایا گیا کہ ہندوستان کی دفاعی پیداوار 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے اور ہندوستان 100 سے زائد ممالک کو تقریباً 4 ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کر رہا ہے۔ دونوں فریقوں نے دفاعی صنعت کے تعاون کا منصوبہ تیار کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ دفاعی صنعت کا تعاون ہندوستان-مصر دفاعی تعلقات کا ایک اہم ستون بن کر ابھر رہا ہے، جس میں دونوں فریق دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں مشترکہ ترقی اور مشترکہ پیداوار کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ میٹنگ کے دوران پہلی بار بحریہ سے بحریہ کے اسٹاف کی بات چیت بھی منعقد کی گئی۔ ہندوستانی بحریہ کی جانب سے بحر ہند کے علاقے میں جہاز رانی کی آزادی کو فروغ دینے میں ادا کیے گئے اہم کردار کی معلومات دی گئیں اور بحری سکیورٹی کی حوصلہ افزائی میں ہندوستان کے انفارمیشن فیوژن سینٹر کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا گیا۔ہندوستانی وفد نے مصری فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل امر عبد الرحمن صقر سے بھی ملاقات کی۔ وفد نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان قریبی تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ ہندوستانی وفد نے ہیلیوپولیس جنگی یادگار پر پھول چڑھائے اور پہلی اور دوسری عالمی جنگ کے دوران عظیم قربانی دینے والے ہندوستانی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ہندوستان-مصر دفاعی شراکت داری میں ستمبر 2022 میں وزیر دفاع کے دورہ مصر کے دوران دفاعی شعبے میں تعاون کے مفاہمت نامہ پر دستخط کرنا ایک اہم سنگ میل تھا۔ سال 2023 میں دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بڑھا دیا گیا تھا۔ 11ویں میٹنگ نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی تصدیق کی اور علاقائی سلامتی اور استحکام کے تئیں ان کے باہمی عزم کو مزید مضبوط کیا۔










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4592790