طلبہ اُمنگ اور ڈیجی لاکر سے نتائج دیکھ سکتے ہیں
نئی دہلی، 15 اپریل (یواین آئی) سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے بدھ کے روز دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ ہی 25 لاکھ سے زائد طلبہ کا انتظار ختم ہو گیا۔بدھ کی شام 4 بجے امنگ اور ڈیجی لاکر سمیت تمام سرکاری پورٹلز فعال ہو گئے اور ایک فلیش پیغام کے ذریعے نتائج جاری کیے گئے۔ سی بی ایس ای کے نئے دوہری بورڈ نظام کے تحت اس بار نتائج مئی کے آغاز میں آنے کی توقع تھی، لیکن بورڈ نے تعلیمی سیشن کو منظم کرتے ہوئے پہلے ہی نتائج جاری کر دیے۔اس نئے نظام کے تحت تعلیمی سال کو دو الگ الگ امتحانی مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا مرحلہ، جو تمام طلبہ کے لیے لازمی تھا، 17 فروری سے 11 مارچ 2026 کے درمیان منعقد ہوا۔ یہ امتحانات ملک بھر کے 8,075 امتحانی مراکز پر 83 مضامین کے لیے منعقد کیے گئے۔اس سال مجموعی طور پر 25,08,319 طلبہ نے رجسٹریشن کرایا، جن میں 14,08,546 لڑکے اور 10,99,773 لڑکیاں شامل تھیں۔ بورڈ امتحانات کا دوسرا مرحلہ 15 مئی سے شروع ہوگا۔طلبہ اب سرکاری پورٹلز کے ذریعے اپنی مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹس ڈیجیٹل شکل میں حاصل کر سکتے ہیں۔



